عوام نے اعتماد کیا تو حب شہر کی حالت بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ترجمان آصف زرداری

حب (آن لائن ) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما و ضلع حب کے صدر اور ترجمان آصف علی زرداری برائے بلوچستان میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ آج کل سوشل میڈیا کا دور ہے اور عوام کو دھوکہ دینا اب ممکن نہیں ۔ فیکٹریوں سے بھتہ گیری، اسمگلنگ ، قبضہ گیری ، دھونس دھمکیوں، لوٹ مار اور بند کمروں کی سیاست کا دور اب ختم ہو چکا ہے ۔ ہم عوام کی طاقت سے کئی دہائیوں سے مسلط مافیا کا مقابلہ کریں گے اور جمہوری عمل کے ذریعے مفاد پرست اور عوام دشمن عناصر کو شکست دے کر آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار میر علی حسن زہری نے الہ آباد فٹبال گراﺅنڈ میں منعقدہ شمولیتی پروگرام اور جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مخالفین پیپلز پارٹی کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں اور اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کے میدان میں مقابلہ نہ کر سکنے پر اب مخالفین ذاتیات پر اتر آئے ہیں اور من گھڑت الزامات لگا کر سمجھ رہے ہیں کہ عوام کو بیوقوف بنا لیں گے لیکن حب اور لسبیلہ کے عوام ان کی شعبدہ بازیوں اور دھوکے میں نہیں آئیں گے ۔ حالت یہ ہے کہ عوام کئی دہائیوں کی محرومیوں کا حساب مانگ رہے ہیں اور چالیس سال سے عوام کے حقوق غصب کرنے والے لٹیرے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں ۔ ہم صرف باتیں نہیں کرتے ہم عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں اور عوام کی خدمت ہی ہمارا نصب العین ہے ۔دریں اثناءمیر علی حسن زہری شمولیتی پروگرام اور جلسے سے خطاب کرنے کے لئے الہ آباد فٹبال گراﺅنڈ پہنچے توسیاسی و قبائلی عمائدین اور عوام کی کثیر تعداد نے ان کا استقبال کیا ۔ اس موقع پر میر علی حسن زہری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اس عظیم جلسے میںعوام کا سمندر دیکھ کر خوشگوار اور خوشی کا احساس ہوا ہے کہ عوام باشعور ہو چکی ہے اور مفاد پرستوں کے جھوٹے اور کھوکھلے دعوﺅں کو مسترد کر چکے ہیں ۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ آج کے جلسے میں ہماری ماﺅں بہنوں کی بھی بڑی تعداد بھی موجود ہے جنکی شرکت پر میں ان کا بے حد شکر گزار ہوںکہ انہوں نے ہمیں عزت بخشی۔ میر علی حسن زہری نے اس موقع پر کہا کہ آئندہ انتخابات میں ہماری انہی ماﺅں بہنوں کا کردار نہایت اہم ہو گااور وہ اپنے ووٹ کے حق کا صحیح استعمال کر کے پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی میں اہم کردار ادا کریں گی ۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے میر علی حسن زہری نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کرنے والوں کو خوش آمدید کہا اور یقین دلایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی امیدوں پر پورا اترے گی اور آئندہ انتخابات میں کامیابی کے بعد ہنگامی طور پر عوامی مفادات کے منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین اور رہنماﺅں نے خطاب کرتے ہوئے میر علی حسن زہری کی عوامی خدمات کو سراہا اور انہیں اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا ۔مقررین نے کہا کہ حب و لسبیلہ کے عوام میر علی حسن زہری پر اعتماد کرتے ہیں اور وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے کامیاب ہو کر حب شہر کی حالت بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور آئندہ انتخابات میں کامیابی کے بعد اپنی بھرپور صلاحیتیں علاقے کی فلاح و بہبود اور عوام کو بنیادی مسائل کے ساتھ ساتھ ان کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے اپنی کاوشیں بروئے کار لائیں گے ۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ 8 فروری حب و لسبیلہ کی خوشحالی اور پائیدار ترقی کے آغاز کا دن ہوگا ۔ ہم بڑے بڑے دعوے نہیں کرتے لیکن اتنا ضرور یقین دلاتا ہوں کہ شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری کی مدبرانہ اور نوجوان بلاول بھٹو زرداری کی ولولہ انگیز قیادت میںبرسوں سے نظر انداز ہونے والے شہر حب کی حالت زار کو بہتر کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے ۔عوام 8 فروری کو تیر کے نشان پر مہر لگا کر خوشحالی کے نئے دور کا آغازکریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں