ایران کا کرمان دھماکوں کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا اعلان

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ایران کے شہر کرمان میں دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملوں کے ذمہ داروں کو کڑا جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔بدھ کو ایران کے شہر کرمان میں سابق جنرل قاسم سلیمانی کے مقبرے کے قریب 2 دھماکوں میں کم از کم 103 افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔میڈیا کے مطابق سابق ایرانی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی آج چوتھی برسی کے موقع پر ان کے مقبرے کے نزدیک دھماکا خیز مواد سے بھرے دو بیگ قبرستان کے داخلی دروازے پر رکھے گئے تھے۔دھماکے سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کرمان میں دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمنوں نے ایک بار پھر تباہی پھیلائی اور بڑی تعداد میں لوگوں کو ہلاک کیا، اس تباہی کا ان شااللہ کڑا جواب دیا جائے گا۔ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے بھی کرمان میں ہونے والے دھماکوں کے بعد ایک مذمتی تحریری بیان جاری کیا ہے جس میں بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔بیان میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ بلاشبہ، اس بزدلانہ فعل کے مرتکب افراد کی جلد ہی شناخت ہو جائے گی اور ان کو سخت سزا دی جائے گی، ہمارے دشمنوں کو جان لینا چاہیے کہ اس طرح کے اقدامات ایرانی قوم کے پختہ عزم کو کبھی متاثر نہیں کر سکتے۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے لیے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف ایکشن کا مطالبہ کیا۔اس کے علاوہ روس کے صدر پیوٹن اور یورپی یونین نے بھی ایران میں دہشت گردی کے اقدام میں شہریوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کے احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں