بلوچستان کے وسائل کا سودا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، سردار محمد صالح بھوتانی

کوئٹہ, صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی سردار محمد صالح بھوتانی نے کہاہے کہ بلوچستان کے وسائل پر سب سے پہلا حق یہاں کے عوام کا ہے کسی کو صوبے کے وسائل کا سودا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، کوئٹہ شہر کی صفائی اور بہتری کے لئے محدود وسائل کے باجود اقدامات کریں گے، شہر میں بلڈنگ کو ڈ پر عمل درآمد کے لئے مربوط اقدامات کئے جائیں،ماضی کی نسبت شہر کی صورتحال بہتر ہے ریکارڈ بارش اور برفباری میں بھی محکمہ بلدیات نے شہر میں نکاسی آب کا نظام بحال رکھا، شہری پولی تھین بیگز کے بجائے کپڑے کے تھیلے استعمال کریں، یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ شہر میں صاف سبز پاکستان مہم کے تحت خصوصی صفائی مہم کے افتتاح،میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے دورے اور شجر کاری مہم کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر میٹروپولٹین کارپوریشن کوئٹہ طارق جاوید مینگل،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اورنگزیب بادینی سمیت دیگر بھی انکے ہمراہ تھے،صوبائی وزیربلدیات سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان،وزیر اعلیٰ بلوچستان کے وژن کے مطابق کوئٹہ شہر کو صاف کرنے کی خصوصی مہم شروع کی گئی ہے مہم کا افتتاح شہر کے وسط سے کرنے کا مقصد اندورن شہر میں صفائی کانظام بہتر کرنا ہے پہلے مرحلے میں شہر کے وسطی علاقوں کو صاف کیا جائیگا صفائی مہم کی نگرانی خود کر رہا ہوں مہم کا جائزہ لینے کے لئے شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کرتا رہونگا،انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں آبادی کا تناسب زیادہ اور وسائل کم ہونے کی وجہ سے یہاں کام کرنے میں مشکلات ضرور درپیش ہیں لیکن ہم نظام میں بہتری لانے کی کوشش جاری رکھیں گے،عوام کو درپیش مشکلات اور مسائل کا ادراک ہے عوام اپنی شکایات میٹروپولیٹن کارپوریشن کو پہنچائیں ہم انکا ازالہ کریں گے،انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کو مزید مستحکم کرنے کے لئے اقدمات کئے جارہے ہیں ادارے کی ویب سائٹ، خود کار شکایتی نظام، کمپیوٹرائزڈ ریکاڈ تیار کیا جارہا ہے، میٹروپولیٹن کارپوریشن کے وسائل کے بے دریغ استعمال کی روک تھام کے لئے بھی مربوط اقدامات کئے گئے ہیں، آئندہ چند روز میں وزیراعلیٰ جام کمال خان سے ملاقات کرکے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے مسائل کے حوالے سے آگاہ کرونگا انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے شہر میں گزشتہ صفائی مہم کے دورا ن امداد چوک، زرغون روڈ، ڈبل روڈ سمیت متعدد علاقوں میں صفائی کی گئی جس کے بعد اس سال ہونے والی ریکارڈ برفباری اور بارش کے باوجودشہر میں نکاسی آب کا مسئلہ پیدا نہیں ہوا یہ کوششیں آئندہ بھی جاری رہیں گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل پر صوبے کی عوام کا حق ہے صوبے کے وسائل سے پہلے عوام کو فائدہ پہنچنا چاہیے یہ ممکن نہیں یہ ہم پسماندہ رہیں اور ہمارے وسائل سے ملکی قرضے اتارے جائیں،انہوں نے مزید کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بلڈنگ کوڈ پر عملدآمد کے لئے عملی اقدامات کرے جدید دور کا تقاضہ ہے کہ ہم بہتری کے لئے ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے شہر کی بہتر ی کے لئے سنجیدہ اقدامات کریں، بدعنوانی اور کوتاہیوں کو روکنے میں بھی جدید سہولیات کو استعمال میں لایا جائے۔میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے دورے کے موقع پر وزیربلدیات کو بریفننگ دیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ طارق جاوید مینگل نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ محدود وسائل میں رہتے ہوئے شہر اور ادارے کی بہتری کے لئے اقدامات کر رہی ہے،میٹروپولیٹن کا تمام ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کر نے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے ادارہ اپنی ویب سائٹ بھی جلد لانچ کریگا، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی اسٹڈی مکمل کرلی گئی ہے، میٹروپولیٹن کارپوریشن کی گاڑیوں میں ٹریکر نصب کردیے ہیں، ملازمین کی حاضری بائیو میٹر ک کی جارہی ہے، جبکہ شہر کی صفائی کے لئے بھی خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ بعدازاں صوبائی وزیر بلدیات نے شہریوں میں کپڑے کے بیگ تقسیم کئے اور کوئٹہ پائن کا پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں