ڈونلڈ ٹرمپ کے سول فراڈ کیس کی سماعت کرنیوالے جج کو بم حملے کی دھمکی
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سول فراڈ کیس کی سماعت کرنے والے جج کو بم حملے کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق جمعرات کو ڈونلڈ ٹرمپ کے سول فراڈ کیس کی سماعت کرنے والے جج آرتھر اینگورون کو گھر پر بم حملے دھمکی ملی جس پر نیویارک کی ناساو¿ کاو¿نٹی پولیس نے کارروائی بھی شروع کردی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جج کے گھر پر بم حملے کی دھمکی ڈونلڈ ٹرمپ کے سول فراڈ مقدمے کے اختتامی دلائل شروع ہونے سے کچھ گھنٹے پہلے ملی۔ عدالتی ترجمان کا کہنا ہے کہ جج کے خلاف دھمکی کے بعد سکیورٹی بڑھا دی گئی، ٹرمپ کے خلاف مقدمے کی سماعت شیڈول کے مطابق ہی جاری رہے گی۔ رپورٹ کے مطابق یہ واضح نہیں ہوسکا کہ بم حملے کی دھمکی کے وقت جج اپنے گھر پر موجود تھے یا نہیں۔ واضح رہے کہ ٹرمپ کے خلاف سول فراڈ کا مقدمہ دائر ہے،ان پر کاروباری اثاثوں کی زائد مالیت بتا کر بینکوں اور بیمہ کنندگان کو دھوکا دینے کا بھی الزام ہے۔ نیویارک اٹارنی جنرل نے عدالت سے ٹرمپ پر کم از کم 250 ملین ڈالر جرمانہ کرنے اور ان کے بیٹوں کے نیویارک میں کاروبار پر مستقل پابندی لگانے کی درخواست کی ہے۔


