سرکاری ملازمین کی پنشن اور تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا جائیگا، پاکستان کی آئی ایم ایف کو یقین دہانی

اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو رواں مالی سال سرکاری ملازمین کی پینشن اور تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے کی یقین دہانی کروادی ہے۔ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان نے گیس کی قیمتوں میں ششماہی بنیادوں پر ردوبدل کرنے، ٹیکسٹائل اور لیدر سیکٹر پر سیلز ٹیکس بڑھانے اور چینی پر 5 روپے فی کلو فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لگانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آئی ایم ایف کو متعدد سیکٹرز میں سیلز ٹیکس، ایڈوانس انکم ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لگانے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے۔ دستاویزات کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف کو کہا ہے کہ رواں مالی سال پینشن اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کریں گے، وفاقی ترقیاتی بجٹ میں ترجیحات بہتر بناکر 61 ارب روپے کی بچت بھی کی جائے گی۔ قدرتی آفات کے علاوہ کوئی سپلیمنٹری گرانٹ جاری نہ کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔ آئی ایم ایف دستاویز کے مطابق حکومت نے کہا ہے کہ توانائی کی قیمتوں کو بروقت بڑھا کر سبسڈی کا بوجھ کم سے کم کرنے کی کوشش کی جائے گی اور اگر ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل ہوتا ہوا نہ محسوس ہوا تو اقدامات اٹھائیں گے۔ دستاویزات کے مطابق ایف بی آر نے آئی ایم ایف کو کہا ہے کہ ریٹیلز، پراپرٹی، تعمیرات اور ڈیجیٹل مارکیٹس جیسے شعبوں سے پورا ٹیکس وصول کریں گے، اسی طرح ٹیکسٹائل اور لیدر کے شعبوں کیلئے سیلز ٹیکس پندرہ فیصد سے بڑھا کر اٹھارہ فیصد کریں گے، ماہانہ آٹھ ارب روپے وصولی کیلئے چینی پر پانچ روپے فی کلو فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لگائیں گے اور مشینری کی درآمد، ایک فیصد، صنعتی خام مال کی درآمد پر ایک فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس لگائیں گے۔ مزید براں کنٹریکٹس، سروسز، سپلائی پر ایک فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس، کمرشل امپورٹرز پر بھی ایک فیصد ٹیکس عائد کریں گے اور نان فائلزر کو فائلز بنانے کیلئے ڈور ٹو ڈور مہم بھی شروع کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق نگران حکومت نے توانائی کے شعبے میں دو سال میں سبسڈی ختم کرنے کا پلان آئی ایم ایف کو دیدیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں