ڈیرہ غازی خان میں تخریب کاروں کا حملہ، پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور فرار
ڈی جی خان (انتخاب نیوز) پنجاب پولیس نے بین الصوبائی سرحدی علاقے سے تخریب کاروں کی پنجاب میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی۔ تھرمل کیمرے استعمال کرتے ہوئے پولیس نے تخریب کاروں کو ڈھونڈا اور انہیں بھاگنے پر مجبور کردیا۔ سرحدی چوکی جھنگی پر تخریب کاروں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر حملہ کی کوشش کی، جسے ناکام بنا دیا گیا۔ انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جھنگی چیک پوسٹ پر حملہ اور پولیس رسپانس کے حوالے سے ویڈیو پیغام میں واقعے کی تفصیلات بیان کیں۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ بہادر جوانوں نے جدید ترین تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے تخریب کاروں کی نشاندہی کی، جس کے بعد پولیس کے جانبازوں نے بروقت کارروائی کی۔ آئی جی پنجاب کے مطابق بھرپور فائرنگ سے تخریب کاروں کو پسپائی اور بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ ایس ایچ او وہوا کی قیادت میں دوسری ٹیم بھی بیک اپ کیلئے فوری موقع پر پہنچی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کی تمام سرحدی چوکیوں پر پولیس ٹیمیں شب و روز ہائی الرٹ ہوکر فرائض ادا کر رہی ہیں، شہریوں کی جان و مال کے دشمن خطرناک تخریب کاروں کے خاتمے کیلئے پولیس پوری طرح تیار ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تخریب کاروں اور سفاک مجرمان کو کسی صورت صوبہ میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا اور تخریب کاروں کا ہر حملہ ناکام بنایا جائے گا۔


