بلوچستان سے قومی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی دو نشستوں پر ن لیگ نیشنل پارٹی کے حق میں دستبردار
تربت (نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواران قومی اسمبلی این اے259کیچ گوادر اور صوبائی اسمبلی پی بی 25کیچ1اور صوبائی اسمبلی پی بی 26کیچ2کی نشستوں پر نیشنل پارٹی کے امیدواروں کے حق میں دستبردار ہوگئے، قومی اسمبلی این اے 259کیچ گوادرپر مسلم لیگ (ن) کے امیدوارمیر عطاءاللہ محمدزئی نیشنل پارٹی کے قومی اسمبلی کے امیدوار ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے حق میں، صوبائی اسمبلی پی بی 25کیچ1بلیدہ زامران ہوشاپ پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میر عطاءاللہ محمد زئی نیشنل پارٹی کے امیدوار جان محمدبلیدی کے حق میں اور صوبائی اسمبلی پی بی26کیچ2تربت سٹی پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار شعیب گاجی زئی نیشنل پارٹی کے امیدوار صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے حق میں دستبردار ہوگئے، یہ اعلان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں نے بدھ کے روز نیشنل پارٹی کے رہنما میر محمد انوربلیدی کی رہائش گاہ پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اورجان محمد بلیدی ودیگر رہنماو¿ں کی موجودگی میں کیا، مسلم لیگ (ن) کے صوبائی نائب صدر میر عطاءاللہ محمد زئی نے کہاکہ وہ پارٹی کی مرکزی وصوبائی قیادت کی ہدایات کی روشنی میں اورپارٹی کی مرکزی پالیسی کے مطابق نیشنل پارٹی کے امیدواروں کے حق میں دستبردارہوکر ان کی حمایت کریں گے، میں آج قومی اسمبلی کیچ گوادر کی نشست پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور صوبائی اسمبلی بلیدہ زامران کی نشست پر جان محمد بلیدی کے حق میں دستبرداری کا اعلان کرکے ان کی مکمل حمایت کرتاہوں ان شاءاللہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اورجان محمد بلیدی دونوں عوامی قوت وطاقت سے کامیاب ہوں گے، مسلم لیگ (ن) کی اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ ایک مضبوط کمٹمنٹ ہے یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے این اے 266پر محمود خان اچکزئی کے مقابلہ میں بھی اپنا امیدوار دستبردار کرایا ہے، نیشنل پارٹی کے ساتھ مسلم لیگ(ن) کی دیرینہ سیاسی قربت کی وجہ سے مسلم لیگ(ن) کی قیادت بلوچستان میں نیشنل پارٹی کے ساتھ اپنے اتحاد کومزید مضبوط دیکھنا چاہتی ہے، مسلم لیگ (ن) کے صوبائی اسمبلی پی بی 26 کیچ 2 تربت سٹی کے امیدوار شعیب گاجی زئی نے نیشنل پارٹی کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے حق میں دستبرداری کا اعلان کرکے ان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔


