ماضی میں مسلط جعلی نمائندوں نے بلوچستان کو مزید تباہی کی جانب دھکیل دیا، ڈاکٹر مالک بلوچ
تربت (نامہ نگار) نیشنل پارٹی کے مرکزی قائد ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں میر عطاءاللہ محمد زئی اور شعیب گاجی زئی کے دستبرداری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ اداکیا اورکہاکہ ہمیں امیدہے کہ وفاق میں میاں نوازشریف کے آنے سے بلوچستان میں امن وترقی کے حوالے سے ایک نئی امیدپیداہوگی، انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن غیرجانبدارانہ اورشفاف انتخابات یقینی بنانے کیلئے عملی اورموثر اقدامات اٹھائے تاکہ سازگار ماحول میں لوگ اپنے ووٹ کاحق استعمال کرسکیں، انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی عوامی قوت کے ساتھ زرداروں اورمافیاز کو شکست فاش دینے میں کامیاب ہوجائے گی، نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل اور صوبائی اسمبلی پی بی25کیچ1کے امیدوارجان محمد بلیدی نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ نیشنل پارٹی کی پرانی ہمکاری ہے مسلم لیگ (ن) کی قیادت نیشنل پارٹی کو اپنا ایک مضبوط اورکمیٹڈ اتحادی سمجھتاہے انہوں نے کہاکہ جنرل مشرف نے بلوچستان میں جو آگ لگائی تھی ڈاکٹرمالک بلوچ نے اپنے دورمیں اس کی شدت کوکچھ حدتک کم کرایا مگر2018ءکے بعد جن نام نہادنمائندوں کو بلوچستان پرمسلط کیاگیا ان کی وجہ سے بلوچستان مزید تباہی کی طرف چلا گیا، اس لئے 2018ءکے تجربہ سے سبق سیکھاجائے،2018ءسے پہلے اور بعد کے بلوچستان میں زمین وآسمان کافرق ہے انہوں نے کہاکہ ہم کسی کے کندھے یاسہارے کے بجائے عوام کی طاقت پریقین رکھتے ہیں، انہوں نے نیشنل پارٹی کے امیدواروں اور کارکنان پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ عمل الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں ایک طرف مخالفین اپنے مذموم ہتھکنڈوں کے ذریعے کہیں کسی کے گھرپر اورکہیں کسی کی گاڑی پرفائرنگ کے واقعات کرارہے ہیں تو دوسری طرف ریاست بھی غیرسنجیدگی کامظاہرہ کرکے لوگوں کو اٹھانے کی پالیسی پرعمل پیراہوکر حالات کے بگاڑ کاباعث بن رہی ہے، اس موقع پر نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر کہدہ اکرم دشتی، واجہ ابوالحسن بلوچ، جسٹس (ر) شکیل احمدبلوچ، میر انوربلیدی، حاجی فداحسین دشتی، ڈاکٹر محمدنور بلوچ، مشکور انور، میر خلیل رند، ولی جان نعیم، مسلم لیگ ن کے میر خاطربلیدی ودیگر موجودتھے۔


