انتخابی مہم کے دوران لوگوں کی شفقت دیکھ کر ہمارے حوصلے انتہائی بلند ہوگئے ، خوشحال خان
کوئٹہ (آن لائن)پشتونخوانیشنل عوامی پارٹی کے چیئر مین خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران لوگوں کی شفقت، حمایت اور شمولیت دیکھ کر ہمارے حوصلے انتہائی بلند ہوگئے ہیں پارٹی عوامی پزیرائی کے بدلے میں عوامی خدمت کر کے ناامیدی کے ماحول کو تبدیل کرتے ہوئے سیاست پر عوام کا اعتماد بحال کریگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے برشور میں پارٹی کے زیر اہتمام ایک بڑے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے معصوم اور خود دار عوام کو ترقی کے نام پر تھوڑی بہت سہولیات فراہم کر کے یہ تاثر دیا جاتاہے کہ جیسے یہ عوام کا حق نہیں بلکہ ان پر احسان کیا جارہا ہے حالانکہ حکومتی نظام اور ان سے منسلک تمام محکمے عوام کو تمام بنیادی سہولیات جیسے پینے کا صاف پانی، تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر حقوق فراہم کرنے کی ذمہ دار اور یہ ان کی اولین فرائض میں شامل ہےلیکن بدقسمتی سے عوامی خدمت کے ذمہ دار افراد اور ادارے اپنے بنیادی فرائض سے لاتعلق ہو کر غفلت اور کوتاہی کے مرتکب ہو رہے ہیں جو عوام کیلئے عذاب کا باعث بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاست کا بنیادی مقصد ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اجتماعی مفادات اور عام لوگوں کے فلاح وبہبود کیلئے دن رات ایک کر کے سخت محنت کرنا ہے اور عوامی مسائل و مشکلات کو کم کرکےانہیں باوقار زندگی گزارنے کیلئے ایک خوشحال، پرامن اور پرسکون ماحول فراہم کرنا ہے لیکن یہاں پر لوگ سیاست کے نام پر اپنی جیبیں بھرنے، سرکاری املاک پر قبضے کرنے، سرکاری اثر ورسوخ کو استعما ل کر کے اپنے مخالفین کو دبانے اور ریاستی اداروں و سرکاری محکموں کے اعلی حکام کی خوشنودی کیلئے عوامی حقوق پر سمجھوتہ کر کے مجرمانہ خاموشی اختیار کر لیتے ہیں۔ان تمام گناہوں کے باوجود بھی یہی عناصر عوام کے خیرخواہ بن کر انتخابات کے وقت ووٹ بٹورنے کیلئے نمودار ہو جاتے ہیں اور بلند بانگ دعوں اور وعدوں، جھوٹ و فریب اور غلط بیانیوں کا سہارا لے کر عوام کو ورغلانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں اورمسائل کے انبار اور ہماری پسماندگی کی یہی سب سے بڑی وجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے باشعور عوام جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ماضی میں کامیاب ہونے والے نمائندوں کا صحیح طریقے سے احتساب کریں تو وہ دن دور نہیں کہ جھوٹے، مکار،لالچی اور کرپٹ عناصر انتخابات میں امیدوار کے طور پر کھڑا ہونے کا جرات ہی نہ کر سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام ہر قسم کے تعصب سے بالا تر ہو کر اچھے اور برے میں تمیز کریں اور عوام کو جھوٹے نعروں کے ذریعے ورغلانے والے عناصر کو ووٹ کی طاقت سے مکمل طور پر مسترد کریں اور اسکے بدلے میں حقیقی جمہوریت پسند، قوم دوست اور وطن دوست نمائندوں کا انتخاب کریں تاکہ عوامی حقوق کیلئے منتخب جمہوری اداروں میں بھرپور آواز بلند کی جاسکے اور حکومتی اداروں کو عوامی حقوق کی فراہمی اورعوامی خدمت کرنے پر مجبور کیا جاسکے۔انہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ پشتونخوانیپ ہر قسم کے جعلی، عوام دشمن اور نام نہاد سیاسی قوتوں کے منفی عزائم افشاں کرتے ہوئے ان کا بھرپور مقابلہ کریگی اور عوام کی حمایت سے انتخابات میں منتخب ہو کر سیاست کو ایک مقدس مقام دلائیگی اور اپنے عوام کی بے لوث خدمت کرکے سیاست کے بارے میں منفی تاثر کو مکمل طور پر زائل کریگی


