مچھ حملہ، لواحقین لاشیں لینے اسپتال پہنچ گئے، انتظامیہ ماﺅں بہنوں کی توہین بند کرے، ماہ رنگ بلوچ
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) ضلع بولان کے علاقے مچھ پر حملہ، جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین لاشیں لینے سول اسپتال کوئٹہ پہنچ گئے۔ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے لواحقین کو لاشیں نہیں دی جارہیں۔ اس حوالے سے لواحقین نے سول اسپتال کے ایم ایس سے بھی ملاقات کی جبکہ ایم ایس کی جانب سے کہا گیا کہ جب تک حکام بالا کی طرف سے اجازت نہیں دی جاتی ہم لاشیں حوالے نہیں کرسکتے۔ لواحقین کا سول اسپتال کے سرد خانے میں رکھی گئی لاشوں کو وصول کرنے کیلئے شدید احتجاج۔ علاوہ ازیں بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے کہا ہے کہ کوئٹہ سول اسپتال میں لواحقین اپنے پیاروں کے لاشوں کے انتظار میں ہیں، مگر انتظامیہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ لاشوں کو انکے خاندان کے حوالے نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ انتظامیہ ان ماﺅں اور بہنوں کی توہین بند کرکے ان کے پیاروں کی لاشیں فوری طور پر ان کے حوالے کریں۔ واضح رہے کہ کوئٹہ کے سول ہسپتال میں 14 افراد کی لاشیں رکھی گئی ہیں تاہم حکام لاشیں ان کے لواحقین کے حوالے نہیں کررہے ہیں۔پروم سے تعلق رکھنے والے سلال اکبر کی ہمشیرہ مع اپنے فیملی کے اپنے بھائی کے جسد خاکی کے وصولی کیلئے کوئٹہ سول ہسپتال کے سرد خانے کے سامنے دو دنوں سے بیٹھی ہے مگر انتظامیہ لاش ان کے حوالے نہیں کررہی ہے۔


