جنوبی امریکی ملک چلی کے جنگلات میں لگی آگ سے اموات 112 ہوگئیں
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی امریکی ملک چلی میں جنگلات میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں ہلاک افراد کی تعداد 112 ہوگئی۔ خبر ایجنسی کے مطابق حکام کا بتانا ہے کہ چلی کے جنگلات کی آگ سے اموات میں اضافے کا خدشہ ہے، آگ سے متاثرہ ملک کے وسطی، جنوبی حصوں میں ہنگامی حالت نافذ ہے، چلی میں 92 مقامات پر لگی آگ کے باعث 14 ہزار مکانات کو نقصان پہنچ چکا ہے۔ چلی میں جنگلات میں لگی آگ سے اموات کے بعد آج سے دو روزہ سوگ کا اعلان کردیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس آگ سے تقریباً 10 لاکھ افراد بے گھر ہوگئے، ہیلی کاپٹروں کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔ چلی کے صدر گیبریل بورک نے ٹی وی پر خطاب کے دوران بتایا کہ موجودہ حالات بہت المناک ہیں اور آئندہ چند گھنٹوں میں ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ فائر حکام کے مطابق فائر فائٹرز نے 40 مقامات پر آگ پر قابو پالیا ہے اور 29 مقامات پر کام جاری ہے۔


