حکومت کے دن گنے جارہے ہیں، مولانا غفور حیدری

منگچ؛جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری سینیٹر مولاناعبدالغفورحیدری نے کہاہے کہ حکومت کے دن گنے جارہے ہیں، موجودہ وبائی ہنگامی حالات میں عوام کوریلیف دلانے میں حکومت مکمل ناکام رہی ہے اپوزیشن جماعتیں جلد عوام کو تبدیلی کی نوید سنائیں گی۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے جامعہ دارلھدی منگچر میں عبدالرحمن لہڑی کی اہلیہ اوررحیم بخش لہڑی کے وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرجمعیت کے رہنما ڈاکٹر عبدالمالک نیچاری، مولانامحمد عمر غزنوی اور جے یو آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ تبدیلی کوبدنام کرنے والی موجودہ حکومت کو اب اپوزیشن تبدیلی کا عملی مظاہرہ دکھائے گی، عمران حکومت کے دن گنے جارہے ہیں ایک ایک کرکے حکومتی دیوارسے اینٹیں نکلتی جارہی ہے جلد یہ سلیکٹڈ حکومت زمین بوس ہوگی بلکہ عمران خان اپنے حواریوں کے ساتھ گھر چلا جائے گا، جمعیت علمائے نے اسلام روزاول سے سلیکٹڈ حکومت کو تسلیم کرنے سے انکارکرکے اسے ملک کی سالمیت، معیشت کے لیے خطرہ قراردیا ہے ہم کبھی بھی ایسے حکومت کو چلنے نہیں دیں گے جو عوام اورملک کو تباہی کی جانب لے جارہی ہو، عوام الناس پر مہنگائی کے بم مسلسل گرائے جارہے ہیں ملک معاشی بحران سے دوچار ہے لیکن حکمران سب کچھ اچھا ہونے اورانتظارکرنے کی رٹ لگائے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نے ایک ایک کریے اپنے کیے گئے وعدوں سے مکررہا ہے سودن میں تبدیلی دکھانے کا دعویدار اب تک سبز باغ دکھاکر خوش فہمی میں مبتلا ہیں لیکن اب عوام مزید خوش فہمی میں نہیں رہناچاہتے ہیں اب وہ دن دور نہیں جب عوام کی غیض وغضب انہیں لے ڈوبے گی۔ انہوں نے کہاکہ جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمن کی سیاسی بصیرت کے باعث جمعیت جمہوریت کی حقیقی بحالی کا استعارہ بن چکی ہے ہم ملکی سالمیت اوربقا کے لیے کسی غیرملکی ایجنڈے پر کام کرنے والوں سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے ہیں حالیہ عوام دشمن بجٹ نااہل حکمرانوں کی قلعی کھول دینے کے لیے ایک واضح ثبوت ہے جس میں سارا بوجھ غریب عوام اورمزدوروں کے کندھوں پر ڈال دیا گیا ہے اس کے اثرات آنا شروع ہوگئے ہیں یکدم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی مزید بڑھ گئی ہے جس سے عوام کی زندگی اجیرن ہورہی ہے اپوزیشن کے ساتھ ملکر جلد عوام کو تبدیلی کی نوید سنائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں