انتخابات پرامن ہوئے، کچھ لوگ کسی بھی بہانے آگ بھڑکانا چاہتے ہیں، جان اچکزئی
کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان کے نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے پرامن انعقاد پر تمام ادارے مبارک باد کے مستحق ہیں۔اتوار کی صبح میڈیا بریفنگ میں جان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان میں انتشار پھیلانا ملک دشمنوں کا ایجنڈا ہے۔ کوئی کچھ بھی کہے اور کرے، ہمیں ہر حال میں جمہوریت کی حفاظت کرنا ہے، اداروں کو محفوظ و مستعد رکھنا ہے۔ بلوچستان کے نگراں وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ انتخابات کے دوران ملک بھر چند ایک معمولی سی انتظامی پیچیدگیاں ہو جاتی ہیں۔ کہیں کہیں انتخابی نتائج میں تھوڑی سی تاخیر بھی ہوجاتی ہے۔ ایسا ہر انتخابات میں ہوتا ہے۔بعض عناصر چاہتے ہیں کہ کسی نہ کسی معمولی سی الجھن کو بہانہ بناکر آگے بھڑکائی جائے۔ ایسے لوگ بھارتی خفیہ ادارے کے ایجنٹ ہیں۔ جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ صوبے میں تین سیاسی جماعتیں لیڈ کر رہی ہیں، اختر مینگل صاحب قومی اور صوبائی دونوں نشستیں جیت گئے ہیں۔ بلوچستان میں جاری مظاہروں کے حوالے سے جان اچکزئی نے کہا کہ ماضی میں بھی ہارنے والے احتجاج کرتے رہے ہیں، احتجاج ریکارڈ کروانا سب کا حق ہے، تاہم، سیکیورٹی کے حوالے سے ہم ہائی الرٹ پر ہیں۔ جان اچکزئی نے کہا کہ قلعہ سیف اللہ اور پشین حملوں کا ماسٹر مائنڈ مارا گیا ہے، بلوچستان میں ہونے والے حملوں میں بھارتی ایجنسی را ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پارٹیوں کے اتحاد پرکچھ نہیں کہہ سکتا، ماضی میں بھی بلوچستان میں مخلوط حکومت رہی ہے۔


