بشریٰ بی بی کو مرچوں والا کھانا دیا گیا ، جان کو شدید خطرات لاحق ہیں، نعیم پنجوتھا
اسلام آباد (انتخاب نیوز) بانی پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھا نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کو مرچوں والا کھانا دیا گیا جس سے تکلیف ہوئی۔ اسلام آباد بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم پنجوتھا نے کہا کہ کھانے کے بعد بشریٰ بی بی کے گلے میں چھالے پڑ گئے، پہلے دن بشریٰ بی بی کا روزہ تھا، جو کھانا دیا گیا اس میں تیز مرچیں تھیں۔ نعیم پنجوتھا نے کہا کہ بشریٰ بی بی سے آدھا گھنٹہ ملاقات ہوئی، بشریٰ بی بی نے بتایا کہ مرچوں سے ان کی طبیعت خراب ہوئی، صبح اٹھنے کے بعد ان کے گلے میں چھالے تھے جس کے باعث وہ ناشتہ نہیں کر پائیں۔ نعیم پنجوتھا نے کہا کہ بشریٰ بی بی کا بلڈ پریشر چیک کرنے کے لیے مشین دی گئی وہ خراب تھی، کسی کی جان کا معاملہ سب سے زیادہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ میں درخواست دی تھی جس کا کوئی سدباب نہیں ہوا، اڈیالہ میں جگہ اور سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بنایا جا رہا ہے، ہائیکورٹ نے بھی میڈیکل رپورٹ پر تحفظات کا اظہار کیا، بشریٰ بی بی کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ نعیم پنجوتھا کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں پی ٹی آئی جیت چکی ہے، بانی پی ٹی آئی قوم کی آزادی کے لیے کھڑے ہیں۔


