کوئٹہ میں گردو غبار اور فضائی آلودگی سے لوگ مختلف امراض میں مبتلا ہونے لگے
کوئٹہ ( آن لائن)کوئٹہ میں بارش کے بعد گندے نالوں سے نکلنے والی مٹی اور غلاظت خشک ہوکر سڑکوں پر اڑنے کے باعث گردو غبار سے لوگ مختلف امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔ صفائی ستھرائی ، سیوریج کا نظام اور ٹوٹی ہوئی سڑکیں عوام کیلئے عذاب بن گئی ہیں دھول مٹی اور فضائی آلودگی جو کہ انسان کے سینے ،دمے، پھیپھڑوں پراثرانداز ہو کر دمہ جلد کے پھوڑوں، الرجی کا موجب بن رہے ہیں۔اس کے علاوہ آنکھوں ، کان ،ناک اور گلے کی بیماریاں بھی پھیلارہے ہیں۔ حکومت اور میٹرو پولیٹن کو چاہئے کہ صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔ صفائی ستھرائی اور عوام کی مشکلات کو کم کرنے کے حوالے سے کوئی اقدام نہیں اٹھایا جارہا ہے۔ شہر کے مسائل حل ہونے کی بجائے آئے روز گھمبیر ہوتے جارہے ہیں۔ تمام محکمے موجود ہونے کے باوجود ان کی کارکردگی مایوس کن نظر آرہی ہے۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ مسائلستان بن چکا ہے ۔ صفائی ستھرائی کی مد میں سالانہ اربوں اور کروڑوں روپے خرچ ہونے کے باوجود زمینی حقائق اس کے برعکس دکھائی دیتا ہے۔ ارباب اختیار کو چاہئے کہ مسائل کے حل کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں تاکہ یہاں کے باسیوں کو سہولیات میسر آسکیں۔


