پولیس لائن ٹراما سینٹر کا افتتاح، آئی جی عبدالخالق سے شعبہ صحت کی کارکردگی بہتر قرار
کوئٹہ(انتخاب نیوز)آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ کی جانب سے کوئٹہ پولیس لائن میں قائم نئے ٹراما سینٹر کا افتتاح کیا گیا، ڈائریکٹر منیجمنٹ سینٹر ڈاکٹر پارس نے آئی جی پولیس کو نئے ٹراما سنٹر کے حوالے سے بریفنگ دی ، بریفنگ میں بتایا گیا کہ روڈ ایکسیڈنٹ اور دیگر معمولی نوعیت کے حادثات میں فوری طبی امدا د سے قیمتی جانیں بچائی جاسکتی ہیں، عام طور پر ایمرجنسی سہولیات کی کمی کے باعث وقت زیادہ لگ جاتا ہے، پولیس ٹراما سینٹر ہسپتال میں 10 بستروں پر مشتمل ٹراما سینٹر ہے جس سے مریضوں کو فوری اور معمولی نوعیت کےطبی امداد فراہم کی جاسکے گی۔ اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا کہ صحت کی سہولیات ہر انسان کا بنیادی حق ہے، معیاری فوری طبی امدا د وقت کی اہم ضرورت ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی خدمت کرنا عبادت ہے پولیس ملازمت میں عوام کی خدمت پہلی ترجیح ہے ۔ہمارا اصل کام مفاد عامہ کو ترجیح دینا ہے، یہاں پہلے سے چل رہے سینٹر میں مریضوں کا علاج ہو تا رہے گا اور ضرورت کے مطابق ڈاکٹروں کے ساتھ ساتھ دیگر سہولتوں کا بھی انتظام کیا جائے گا، ہیلتھ کے شعبہ میں بہتر کام کیے جارہے ہیں اور جن چیزوں کی ضرورت ہو گی اس کے لیے وسائل کا بھی انتظام کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق تقریب میں ایڈیشنل آئی جی پولیس جواد احمد ڈوگر، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر قمر الحسن ، ڈی آئی جی کوئٹہ ، ڈی آئی جی، اے آئی جی ویلفیئر، ایس پی ہیڈکوارٹر و دیگر حکام موجود تھے۔


