چین اور پاکستان کے ماسکو حملے پر مذمتی بیانات، یوکرین کو ذمہ دار نہیں سمجھتے، امریکا
اسلام آباد(انتخاب نیوز) پاکستان، چین، امریکا سمیت دیگر ممالک نے گزشتہ رات روس کے دارالحکومت ماسکو میں ہونے والے ہولناک حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ پاکستان نے مذمت کرتے ہوئے متاثرین کے اہلخانہ کے ساتھ ہمدری کا اظہار کیا۔ پاکستان کی وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ماسکو میں کنسرٹ ہال پر ہولناک حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، اس مشکل گھڑی میں ہم روسی عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کو ماسکو حملے پر اپنی تعزیت کا پیغام بھیجا۔ چینی صدر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ چین ایسے ہر قسم کے واقعات کی مخالفت کرتا ہے، حملے کی شدید مذمت کرتا ہے اور اپنی قومی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے روسی حکومت کی کوششوں کی مضبوطی سے حمایت کرتا ہے۔ یوکرین جو گزشتہ دو سالوں سے روسی فوجی حملے کا سامنا کر رہا ہے، کا کہنا ہے کہ ان کا اس حملے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ یوکرائنی وزارت دفاع کے مرکزی انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ نے کہا کہ ماسکو میں دہشت گردانہ حملہ پیوٹن کے حکم پر روسی اسپیشل سروسز کی طرف سے منصوبہ بندی اور جان بوجھ کر اشتعال انگیزی تھی اور الزام لگایا کہ اس کا مقصد یوکرین کے ساتھ جنگ کو مزید بڑھانا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے ماسکو حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سوگوار خاندانوں اور عوام اور روسی حکومت سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل کے اراکین نے کہا کہ ان گھناو¿نی کارروائیوں کی منصوبہ بندی، تنظیم، مالی معاونت اور حمایت کرنے والے ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرانا چاہیے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔ امریکی وائٹ ہاو¿س ترجمان جان کربی نے ماسکو حملے پر تعزیت کا ظہار کرتے ہوئے کہا کہ حملے کی تصاویر خوفناک ہیں۔ قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم خوفناک فائرنگ کے حملے کے متاثرین کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا نے مارچ کے شروع میں روسی حکام کو ماسکو میں ممکنہ طور پر بڑے اجتماعات کو نشانہ بنانے والے حملے کے بارے میں خبردار کیا تھا۔ یورپی یونین نے ماسکو حملے پر حیرانی اور پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین عام شہریوں کے خلاف کسی بھی حملے کی مذمت کرتی ہے، ہم اس حملے میں تمام روسی شہریوں کے ساتھ ہیں۔ اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز نے کہا کہ ماسکو میں المناک واقعات سے غمزدہ ہیں، ہم متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ بھارت غم کی اس گھڑی میں روسی فیڈریشن کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے، وزیر اعظم نریندر مودی نے ایکس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایکس پر لکھا کہ بھارت غم کی اس گھڑی میں روسی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے تمام روسی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ جرمنی کے دفتر خارجہ نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم لوگوں پر ہونے والے خوفناک حملے کی تصاویر خوفناک ہیں، اس حملے کی جلد تحقیقات ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ جاپان، اٹلی، اسپین، فلسطین اٹھارٹی نے ماسکو حملے کی مذمت کرتے ہوئے تعزیت کے پیغامات بھیجے۔


