پنجاب ترقی کے سفر میں بلوچستان کو ساتھ لیکر چلے گا،،سردار عثمان بزدار

کوئٹہ:وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے پنجاب ترقی کے سفر میں بلوچستان کو ساتھ لیکر چلے گا، بلوچستان اور پاکستان لازم و ملزو م ہیں بلوچستان محبتیں بانٹنے آیا ہوں، یہ بات انہوں نے بدھ کو زیارت میں قبائلی عمائدین اور شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بدھ کو بلوچستان کے دو روزہ دورے پر زیارت پہنچے جہاں صوبائی وزیر نور محمد دمڑ،چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن(ر) فضیل اصغر، کمشنر سبی ڈویژن سید فیصل سمیت دیگراعلیٰ حکام نے انکا استقبال کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے زیارت میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ریزیڈنسی کا دورہ کیا اور ریزیڈنسی کے مختلف حصے دیکھے اس موقع پر انہوں نے بانی پاکستان کے زیر استعمال اشیاء میں گہری دلچسپی اورقائداعظم ریزیڈنسی کی شاندار انداز میں تعمیر وبحالی پرخوشی کااظہار کیا انہوں نے حکومت پنجاب کی طرف سے قائداعظم ریزیڈنسی کیلئے تعاون کی پیشکش بھی کی،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائداعظم ریزیڈنسی پاکستان کا اثاثہ ہے جسکی دل و جان سے حفاظت کریں گے قائداعظم سے منسوب ہر یادگار پاکستانیوں کو جان سے پیاری ہے قائد اعظم محمد علی جناح کا احسان ہم تا قیامت نہیں اتار سکتے ایسے عظیم رہنما صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں پاکستان کے مسائل کاحل قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات میں مضمر ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے زیارت میں مقیم پنجاب سے تعلق رکھنے والے معززین اورشہریوں اور قبائلی عمائدین نے بھی ملاقات کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے تعاون سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کے مسائل حل کریں گے،ترقی کے سفر میں پنجاب بلوچستان کو ساتھ لے کر چلے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان محبتیں بڑھانے کیلئے آیا ہوں پنجاب کے لوگ بلوچستان کے بھائیوں سے دلی وابستگی رکھتے ہیں۔قبائلی عمائدین اور شہریوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی بلوچستان آمد ہمارے لئے بے حد خوشی کا باعث ہے عثمان بزدارپنجاب کے پہلے وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے یہاں آکر ہماری حوصلہ افزائی کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں