آئین و قانون کسی کو پسند ہو یا نہ ہو یہ رائج الوقت ہے، عمر ایوب

کوئٹہ (پ ر) بلوچستان کی سرزمین بڑی زرخیز اور عوام محب الوطن ھے تحریک انصاف کی سیاست کا مقصد اقتدار کی نہیں بلکہ ملک کی ترقی ہے 8 فروری کو پاکستانی عوام کا تحریک انصاف کو ووٹ دینا حقیقی آزادی و مثبت انقلاب کی عکاس ہے۔ یہ بات تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری و اپوزیشن لیڈر عمر ایوب ترین نے تحریک انصاف کے دیگر رہنماﺅں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی کہ کل بلوچستان کے ضلع پشین میں جلسہ کرکے احتجاجی تحریک کا آغاز کرنے جارہے ہیں شہباز شریف وزیراعظم اور آصف علی زرداری صدر نہیں یہ فارم 47 کی پیدوار ہے، ہمارا بنیادی مطالبہ فارم 45 کے مطابق 8 فروری کے نتائج کو تسلیم کرتے ہوئے تحریک انصاف کی اکثریت کو تسلیم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں ملک میں جمہوریت پھلے پھولے، جمہور کی آزادی، آئین و قانون کی بالادستی ہو، ہمارے قائد عمران خان نے ساڑھے سات سو ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے بلوچستان کو دیے، بلوچستان کی زرخیز مٹی پاکستان کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں ہماری پارٹی کو دیوار سے لگایا گیا، وہ سمجھتے تھے کہ پی ٹی آئی کو ووٹ نہیں پڑیں گے، تاہم 8 فروری کو ووٹ پڑے اور فارم 47 کے ذریعے نتائج تبدیل کیے گئے۔ اپوزیشن جماعتوں کا الائنس ایک ایجنڈے پر متفق ہے کہ سب آئین و قانون کا احترام کریں، آئین و قانون کسی کو پسند ہو یا نہ ہو یہ رائج الوقت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان سے عام انتخابات کے نتائج کیخلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے جارہے ہیں، پنجاب میں بھی ہم تین جلسے کریں گے۔ پاکستان کو مضبوط کرنے کے لیے چوک چوراہوں یا اسمبلی میں ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے، قانون پر عملدرآمد ہوگا تو سرمایہ کاری بھی آئے گی ہم ریاست مدینہ کا قیام چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں