بولان و گردونواح میں بارش سے سیکڑوں کچے مکانات اور دیواریں منہدم، شاہراہ پر ٹریفک معطل
بولان (صباح نیوز) مچھ بولان وگردونواح میں گرچ چمک کیساتھ وقفے وقفے سے موسلادھار بارشوں کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوگیا۔ بولان شاہراہ کے نشیبی حصے زیر آب آنے سے ٹریفک کی روانی معطل ہوتی رہی۔ بارشوں کے باعث تحصیل مچھ کی کچی آبادی پر مشتمل علاقے کلی سمالانی کالونی، کلی جمعہ خان گیشتری، مچھ ندی، کلی اختر آباد، نیشنل آب گم بوڈیل، کلی جلال آباد، مری آباد، کرتہ کھجوری، جم بارڑی میں سیکڑوں کچے مکانات اور دیواریں منہدم ہوگئیں۔ حالیہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی بڑی تعداد آسمان تلے آگئے۔ بارشوں کے باعث کاروبار بند ہونے سے شہری نان شبینہ کیلئے محتاج ہوکر رہ گئے۔ بولان انتظامیہ نے بارشوں کے پیش نظر بولان شاہراہ پر غیرضروری سفر سے گریز، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت اور بولان کے تفریحی مقامات اور دریا بولان پر پکنک منانے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔


