ملازمین لسبیلہ یونیورسٹی وڈھ کیمپس کا احتجاج، تاحال مذاکرات نہ ہونا افسوسناک ہے،سیاسی رہنما
وڈھ(نمائندہ انتخاب)لسبیلہ یونیورسٹی وڈھ کیمپس کے ملازمین کا احتجاج بارھویں روز میں داخل، سیاسی و سماجی رہنماءبلوچ خان مینگل اور محمد عارف مینگل کی احتجاجی کیمپ آمد، ملازمین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی افسوس کی بات ہے سات سال تک اس کیمپس کو مین کیمپس اوتھل کی جانب سے مسلسل تعصبانہ رویوں کا سامنا رہا ہے اور اب تک کیمپس کی بلڈنگز کا کام شروع ہوسکا ہے اور نہ ہی یہاں کے ملازمین کو مستقل کیا گیا ہے جس سے کیمپس ترقی کی جانب گامزن ہوسکتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ افسوس اس بات پر بھی ہے کہ 12 دن سے احتجاج پر موجود ملازمین سے اب تک کسی بھی قسم کا کوئی مذاکرات نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کروادی کہ وہ لسبیلہ یونیورسٹی وڈھ کیمپس کے ملازمین کی آواز کو اپنی بساط کے مطابق ہر پلیٹ فارم تک پہنچائیں گے کیونکہ ملازمین کے تمام مطالبات جائز ہیں اور ارباب اختیار کو چاہیے کہ وہ جلد از جلد ان مسائل کو حل کریں۔


