مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو پورے بلوچستان میں احتجاج ہونگے، ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی
کوئٹہ(یو این اے ) بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین میر عبدالقادر رئیسانی ، عبداللہ کرد ،صدر حاجی حبیب اللہ بادیزئی، جنرل سیکرٹری میر اکبر لہڑی، نائب صدر ولی خان اچکزئی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی موسی جان اچکزئی اور دیگر عہدے داروں نے حب کے ٹرانسپورٹروں کے مطالبات اور احتجاج کی مکمل حمایت کرتے ہوئے ٹرانسپورٹروں کے مطالبات فوری تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حب کے ٹرانسپورٹرز گزشتہ کئی دنوں سے اپنے جائز مطالبات کے لیے احتجاج پر ہیں۔ ان کا کاروبار مکمل طور پر بند ہو چکا ہے۔ اور مرکزی شاہرائیں بھی اکثر بند رہتے ہیں۔ مگر حکومت اور انتظامی ادارے ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔ ٹرانسپورٹروں کے مطالبات اور احتجاج پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی جو بے حسی اور غیر ذمہ داری کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ٹرانسپورٹرز گوناگوں مسائل کا شکار ہیں۔ ان کا کاروبار تقریبا ختم ہو کر رہ گیا ہے۔ ٹرانسپورٹروں نے ہمیشہ اپنے جائز حقوق کے لیے پرامن احتجاج کا راستہ اختیار کیا ہے۔ مگر حکومت اور متعلقہ اداروں نے ہمیشہ سرد مہری کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حب کے ٹرانسپورٹروں کے مطالبات جلد از جلد تسلیم نہ کیے گئے تو پورے بلوچستان کے ٹرانسپورٹر ان کے ساتھ یکجہتی کر کے صوبے بھر میں ہڑتال اور احتجاج پر مجبور ہوں گے۔


