پاکستان بھر میں بجلی کا شارٹ فال، 12 سے 14 گھنٹے لوڈشیڈنگ
اسلام آباد(آن لائن) ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار 448 تک پہنچ گیاجس کے باعث ملک بھر میں 8گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جاری ہے جبکہ لائن لاسز والے علاقوں میں12سے 14گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔پاورڈویژن کے ذرائع کے مطابق ملک بھر میں بجلی کی طلب 25 ہزار332 میگاواٹ ہے۔بجلی کی پیداوار 20 ہزار 884 میگاواٹ ہے۔پن بجلی ذرائع سے 7ہزار222 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 786 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں۔نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 7 ہزار 960 میگاواٹ ہے۔ ذرائع کے مطابق ونڈ پاور پلانٹس سے 1121 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے۔سولر پاور پلانٹس سے182۔بگاس سے 121اورنیوکلئیر پاور پلانٹس سے 2 ہزار 940 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے۔اس طرح ملک بھر میں 8 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ذرائع کے مطابق لائن لاسز والے علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔


