پاکستان ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرائے گا، اسٹیٹ بینک

کراچی (این این آئی) ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک ڈیجیٹل کرنسی کو متعارف کرانے کیلئے کام کررہا ہے، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک سے ڈیجیٹل کرنسی کا جائزہ لینے کیلئے تکنیکی معاونت لی ہے۔یہ بات انہوں نے پیر کو ڈیجیٹل سپلائی چین فنانس کانفرنس سے خطاب اور میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر بڑھانے کیلئے مڈل ایسٹ سمیت 60 ممالک کو پاکستان کے ساتھ کنیکٹ کررہے ہیں، اگلے سال راست سسٹم کو عرب مانیٹری فنڈ کے کراس بارڈر پیمنٹ سسٹم بونا سے منسلک کردیا جائے گا جس کے نتیجے میں بیرون ملک مقیم 6 کروڑ پاکستانیوں کو اپنی رقوم فوری منتقل کرنے کی سہولت حاصل ہو جائے گی، بونا سسٹم سے منسلک ہونے کے بعد پاکستانی کم سے کم خرچ میں رقم منتقل کرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو بینکاری نظام کے ذریعے ترسیلات بلا معاوضہ فراہم کی جاتی ہیں، حکومت پاکستان ترسیلات زر پر ہونے والے اخراجات ادا کرتی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں