فرینکفرٹ کے ہوائی اڈے پر احتجاجی مظاہرہ ،متعدد پروازیں معطل

برلن(مانیٹرنگ ڈیسک)جرمنی میں ماحولیات کے لئے کام کرنے والے گروپ لاسٹ جنریشن کے کارکنان نے فرینکفرٹ کے ہوائی اڈے پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے متعدد پروازیں معطل ہو گئیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مذکورہ گروپ نے گزشتہ روز کہا کہ کوئلے کی مسلسل کان کنی، تیل، گیس اور کوئلہ جلانا ہمارے وجود کے لئے خطرہ ہے۔ادھر، ہوائی اڈے کے حکام نے سوشل میڈیا سائٹ پر بیان میں کہا کہ ایئرپورٹ پر جاری مظاہرے کی وجہ سے پروازیں معطل ہیں، مسافرفی الحال ہوائی اڈے کی طرف نہ جائیں، پہلے اپنے فلائٹ سٹیٹس بارے چیک کریں اور سفر کے لئے تھوڑا اضافی وقت دیں۔ لاسٹ جنریشن نامی گروپ کے ارکان نے اس سے ایک روز قبل ہی بطور احتجاج کولون/بون ہوائی اڈے کو بھی بلاک کرنے کی کوشش کی تھی۔ ایئرپورٹ کے ایک ترجمان نے کہا کہ کارکن اندر گھسنے کے بعد رن وے پر بیٹھ گئے تھے جنہیں حد سے تجاوز کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔