قومی اسمبلی میں اسماعیل ھنیہ کے قتل اور اسرائیلی جارحیت کیخلاف مذمتی قرارداد منظور
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی نے حماس کے سربراہ اور فلسطین کے سابق وزیراعظم اسماعیل ھنیہ کے قتل اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ جمعہ کو سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا، وزیر خارجہ اسحا ق ڈار نے اسمبلی اجلاس کے دوران اسماعیل ھنیہ کی شہادت کے معاملے پر قرارداد پیش کی، قرارداد میں موقف اپنایا گیا کہ اسرائیلی مظالم کی وجہ سے 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ہیں، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے، یہ ایوان اسرائیلی مظالم کو مسترد کرتا ہے۔قرارداد کے مطابق یہ ایوان فلسطینی بھائیوں کی حمایت کا اظہار کرتا ہے اور اسماعیل ھنیہ کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتا ہے، ساتھ ہی یہ ایوان غزہ میں فی الفور سیز فائر کا مطالبہ کرتا ہے۔قومی اسمبلی اجلاس کے آغاز پر جمشید دستی نے فلسطین زندہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے، بعد ازاں حماس کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کیلئے دعائے مغفرت کی گئی، مولانا مصباح الدین نے دعائے مغفرت کرائی۔بعد ازاں وزیر اعظم شہباز شریف کے ایوان میں آنے پر پی ٹی آئی اراکین کی جانب سے چور چور کے نعرے لگائے گئے، اس موقع پروفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ شہید اسماعیل ھنیہ کی شہادت پر بات کرنے کیلئے دن مختص کیا گیا ، حکومتی اتحاد اور اپوزیشن متفقہ قرارداد پاس کرے تاکہ دنیا کو واضح پیغام جائے،اسی کے ساتھ قومی اسمبلی نے معمول کی کارروائی معطل کردی۔


