جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے چار ارکان ہلاک

بیروت (این این آئی )لبنانی حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان گزشتہ ہفتے ممتاز رہنما فواد شکر کی ہلاکت کے پس منظر میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور اسی دوران اسرائیل نے جنوبی لبنان کے قصبے میفدون پر حملہ کرکے چار افراد کو قتل کردیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک سیکورٹی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ مرنے والے تمام مرد تھے۔ ایک لبنانی سکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی کہ ہلاک ہونے والے چاروں افراد حزب اللہ کے جنگجو تھے۔ذرائع نے میفدون کے حملے میں حزب اللہ کے ایک فوجی اہلکار کے مارے جانے کی اطلاع دی۔ قصبو میفدون اسرائیل کے ساتھ لبنان کی سرحد سے 30 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔اسرائیل نے خیام قصبے پر ایک اور حملہ کیا جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر ایک شخص زخمی ہوا۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اعلان کیا کہ اس حملے میں جنوبی لبنان کے علاقے النبطی میں ایک فوجی عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کے دعوے کے مطابق یہ عمارت حزب اللہ کے جنوبی محاذ کے یونٹ کے زیر استعمال تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ خیام کے علاقے میں حملے میں حزب اللہ کی ایک فوجی عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔