پاکستان بھر میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، 2 روز میں جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہوگئی

کراچی (انتخاب نیوز) ملک بھر میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، بارشوں کے باعث 2 روز میں مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہوگئی، سکھر، لاڑکانہ، دادو اور جیکب آباد موسلادھار بارش سے ڈوب گئے جہاں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی، بارش کے باعث گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے مطابق یکم جولائی سے بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں سے 65 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، لاہور، فیصل آباد، ملتان، حیدرآباد، لاڑکانہ میں تیز بارش سے جل تھل ایک ہوگیا جبکہ لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں بلاک ہوگئیں۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارش کے باعث مختلف حادثات میں 2 روز کے دوران اموات کی تعداد 21 ہوگئی۔ رحیم یارخان میں بارش کے باعث چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں 5 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوئے۔ دنیا پور میں بارش کے باعث گھر کی دیوار گرنے سے 72 سالہ شخص دم توڑ گیا، چھتیں گرنے سے فیصل آباد میں 4 اموات ہوئیں، ایسے ہی واقعے میں تاندلیانوالہ میں بھی ایک ہلاکت ہوئی جبکہ لیاقت پور میں بارش سے کرنٹ لگنے کے 2 واقعات میں 2 اموات ہوئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں