تخریب کاری قبول نہیں، بلوچستان میں ترقی کے دشمنوں کا خاتمہ کیا جائے، سیاسی قیادت

اسلام آباد (آئی ا ین پی ) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے موسی خیل میں مسافروں کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد ملک و قوم اور انسانیت کے دشمن ہیں، معصوم شہریوں کے انسانیت سوز قتل میں ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا، واقعے کے ذمہ دار دہشتگردوں کو قرار واقعی سزائیں دی جائیں گی، ملک میں کسی بھی قسم کی دہشتگردی قطعا قبول نہیں، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے دہشت گردوں کے حملے میں قیمتی اِنسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ انسانوں کا ظالمانہ قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملک و قوم اور انسانیت کے دشمن ہیں، معصوم شہریوں کے انسانیت سوز قتل میں ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا، صدر مملکت نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے قومی عزم کا اظہار بھی کیا۔ آصف علی زرداری نے واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ دوسری جانب نواز شریف کی جانب سے بھی موسی خیل میں مسافر بس پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی گئی۔ علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دہشتگردوں کے خلاف مختلف مقامات پر 14 جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، دہشتگرد چھپ کر جتنے وار کرے، ہمارے جوانوں کے حوصلے ہمیشہ بلند ہیں۔ اپنے بیان میں بلاول بھٹوزر داری نے کہاکہ جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں