مسلم باغ،تربت، چمن،دالبندین میں انڈسٹریل اسٹیٹس قائم کر رہے ہیں، جام کمال

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے مسلم باغ،تربت، چمن،دالبندین میں انڈسٹریل اسٹیٹس قائم کر رہی ہے سرمایہ کاروں کو ٹیکس میں چھوٹ دیکر کاروبار کے لئے سہولیات مہیا کی جارہی ہیں، رواں سال کے بجٹ کا 15.6فیصد حصہ تعلیم، صحت کے لئے 38ارب روپے،لائیوسٹاک کے لئے ترقیاتی مد میں 1ارب روپے، زراعت کے لئے14ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیاگیا،یہ بات انہوں نے حکومت کی جانب سے گزشتہ دو سالوں کے دوران کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کر تے ہوئے کہی،انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے اور سہولیات دینے کے لئے اقدامات کر رہی ہے بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے ذریعے سرمایہ کاروں کو ون ونڈ و پالیسی اورکاروبار کرنے میں آسانی کے اقدامات کئے گئے ہیں مسلم باغ، تربت، چمن اور دالبندین میں انڈسٹریل اور لورالائی اور خضدار میں ماربل اسٹیٹ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاروں کو ٹیکس میں بھی خاطر خواہ رعایت دی گئی ہے تاکہ وہ صوبے میں اپنے کاروبار شروع کریں جس سے یہاں سماجی و اقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقعے پیدا ہونگے ۔انہوں نے کہاکہ تعلیم کے بغیر ترقی کا خواب دیکھنا ناممکن ہے صوبے میں تعلیم کے لئے بجٹ کا 15.6فیصد حصہ مختص ہے جس میں 134.4ارب روپے کی لاگت سے 278منصوبوں کے لئے 9ارب روپے مختص کئے گئے ہیں تکنیکی تحقیق اور ترقی کو فروغ دینے کے لئے جامع بلوچستان میں گورنمنٹ انوویشن لیب قائم کیا گیا ہے جبکہ تعلیم کے اہم شعبوں کے لئے 73ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے معاشی مشکلات کا شکار ہونے والوں کے لئے بلاسود قرضے اور اخوت پروگرام کے تحت کاروبار کر لئے بلا سود قرضے فراہم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہ بلوچستان بھر میں 186ارب روپے کی لاگت سے 44آبپاشی کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں ان منصوبوں کے لئے وفاقی پی ایس ڈی پی میں 26.2ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جس میں اکثریت ڈیمز کی ہے جبکہ رواں مالی سا ل کے بجٹ میں 13.5ارب روپے کی لاگت سے 513ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں ان منصوبوں کی تکمیل سے کوئٹہ کو پانی کی فراہمی کے ڈیم، واٹر ٹریٹ منٹ پلانٹ کی تعمیر اور پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے پائپ لائن کے منصوبے شامل ہیں،انہوں نے کہا کہ مالی سال 2020-21کے بجٹ میں شعبہ صحت کے لئے38ارب روپے مختص کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک جی ڈی پی کا 52فیصد ہے اس شعبے کی بہتری کے لئے رواں سال 1ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبے شامل کئے گئے ہیں زراعت کے لئے14ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے شعبان،زیارت،پیر غائب سمیت دیگر مقامات کو بہتر بھی کیا جارہا ہے تا کہ سیاحوں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں