ملک پر مسلط حکمران داخلہ و خارجہ پالیسی میں سنجیدہ نہیں،حافظ حمداللہ
کوئٹہ؛جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی رہنما سنیٹر مولاناحافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ ناچ گانے سے اقتدار حاصل کرنے والے کشمیر کو بھی ناچ گانے سے فتح کرناچاہتے ہیں کشمیر کا سودا کرنے والے سوداگروں نے کشمیر کو کاغذی نقشہ میں پاکستان کا حصہ ظاہر کرکے بہت بڑا تیر مارا،خوابوں اور خیالوں سے فیصلے کرنے والے احمقوں نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا،ان سے نجات پاکستان کی بقا کی ضرورت ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز جمعیت علماء اسلام ضلع جیکب آباد کے ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا سید عبدالباسط شاہ مولانا محمد اشفاق سید مزمل شاہ سید عبداللہ شاہ اور دیگر پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔مولانا حافظ حمداللہ نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے نمائشی احتجاج حکمرانوں کا مکر و فریب ہیں مگرمچھ کے آنسو بہا کر کشمیری عوام اور پاکستانی قوم کی آنکھوں میں دھول نہ جھونکاجائیں انہوں نے کہا کہ نشے میں بننے والے نقشے ذلت و رسوائی کاسبب بنتے ہیں نقشے کے ذریعے ممالک فتح ہوتے تو آج آدھی دنیا لوگ فتح کرچکے ہوتے انہوں نے کہا کہ ملک پر مسلط حکمران داخلہ و خارجہ پالیسی میں سنجیدہ نہیں انکی غیر سنجیدہ پن و نااہلی کی وجہ سے ملک مصائب و مشکلات کاشکار ہیں۔


