اسلام آباد ایئرپورٹ کا نام بے نظیر بھٹوسے منسوب کرنے کی قرارداد پر عملدرآمد کا مطالبہ

اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہوا بازی کے چیئرمین، نوابزادہ افتخار احمد خان بابر، نے وزیر اعظم پاکستان کو ایک خط لکھا ہے جس میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام ‘‘شہید بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ’’ رکھنے کی قومی اسمبلی کی قرارداد پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کیا گیا ہے۔خط میں کہا گیا کہ یہ قرارداد 13 اکتوبر 2022 کو قومی اسمبلی میں منظور کی گئی تھی، لیکن دو سال گزر جانے کے باوجود اس پر کوئی عملدرآمد نہیں ہوا، جس کی وجہ سے عوام اور مختلف حلقوں میں مایوسی پائی جاتی ہے۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو کی قربانیوں اور پاکستان کی جمہوریت کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں یہ تبدیلی انتہائی اہم ہے۔نوابزادہ افتخار احمد خان بابر نے قائمہ کمیٹی کی 13 نومبر 2024 کو ہونے والی میٹنگ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کمیٹی نے اس قرارداد پر فوری عملدرآمد کے لیے وزیر اعظم کو خط بھیجنے کا متفقہ فیصلہ کیا تھا۔خط میں وزیر اعظم سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فوری اقدامات کریں تاکہ اس قرارداد پر عملدرآمد ممکن ہو اور شہید بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔کہا گیا کہ اس اقدام سے نہ صرف بے نظیر بھٹو کی خدمات کا اعتراف ہوگا بلکہ یہ ان کی قربانیوں کی یاد دلانے والا ایک مستقل نشان بھی ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں