کوہلو ،کسٹمز اہلکاروں کی غفلت ،چیکنگ کے دوران خاتون کے بچے کا سڑک پر جنم، سردی کے باعث جانبر نہ ہو سکا

کوہلو (یو این اے )رکھنی کسٹمز چیک پوسٹ پر چیکنگ کے دوران ایک حاملہ خاتون نے سڑک پر بچہ جنم دے دیا، تاہم شدید سردی کے باعث بچہ جانبر نہ ہوسکا اور دم توڑ گیا۔تفصیلات کے مطابق، گزشتہ روز کسٹمز اہلکاروں نے ایک بروبکس گاڑی کو چیکنگ کے لیے روکا جس میں ایک حاملہ خاتون ایمرجنسی کی حالت میں موجود تھی اور اسے ہسپتال لے جایا جا رہا تھا۔ خاتون کے ورثا نے کسٹمز اہلکاروں کو بتایا کہ گاڑی میں حاملہ خاتون موجود ہے جسے فورا ہسپتال پہنچانا ضروری ہے، لیکن اہلکاروں نے ان کی بات نہ سنی اور گاڑی میں موجود تمام افراد کو گاڑی سے اتار دیا اور گاڑی کو قبضے میں لے لیا۔اس کے بعد فوری طور پر ہسپتال نہ پہنچنے اور طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے خاتون نے سڑک پر ہی بچے کو جنم دے دیا۔ بدقسمتی سے، شدید سردی کے باعث بچہ جانبر نہ ہو سکا اور دم توڑ گیا۔اس افسوسناک واقعے کے بعد مقامی افراد میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کسٹمز اہلکاروں کا رویہ جان بوجھ کر توہین آمیز تھا، جس کا مقصد عوام کی عزت نفس کو مجروح کرنا تھا۔ انہوں نے اس واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کسٹمز اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں