PB-45ضمنی الیکشن،یہ انتخاب نہیں بلکہ جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے ،اسلم غوری
کوئٹہ(یو این اے )جمعیت علمائے اسلام نیPB-45 بلوچستان اسمبلی کے ضمنی انتخاب کوانتخابی ڈرامے کو مسترد کرتے ہوئے اسے جمہوریت کے چہرے پر سیاہ دھبہ قرار دیا ہے۔جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے ایک بیان میں کہا کہ یہ انتخاب نہیں بلکہ جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے دھاندلی زدہ الیکشن جمہوری اقدار کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ عوام کے فیصلے کو طاقت اور دھاندلی کے ذریعے بدلنے کی کوشش کی گئی جو جمہوری اصولوں اور عوامی مینڈیٹ پر کھلا ڈاکہ ہے۔ترجمان نے کہا کہ یہ صرف دھاندلی نہیں بلکہ جے یو آئی کو دیوار سے لگانے کی ایک گھنانی سازش ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جے یو آئی اپنی طاقت سے ایسی سازشوں کو ناکام بنائے گی اور عوامی حقوق کے دفاع میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔انہوں نے الیکشن کمیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ایسے انتخابات جمہوریت کی بدترین مثال ہیں، جو عوام کے اعتماد کو مسلسل مجروح کر رہے ہیں۔ جمہوری اداروں کی حرمت کو پاں تلے روندنے والے عناصر قوم کے مجرم ہیں۔اسلم غوری نے کوئٹہ میں دھاندلی کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ جے یو آئی دھاندلی زدہ نتائج کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔انہوںنے کہاکہ عوامی فیصلے کو طاقت کے زور پر بدلنے والوں کو بے نقاب کیا جائے گا، اور جمہوریت کی حرمت کی حفاظت کے لیے میدان عمل میں ڈٹے رہیں گے۔