ہوشاب ،ڈرائیور پر مبینہ تشدد کا نوٹس ، دو لیویز اہلکار معطل

کوئٹہ (آن لائن) ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس عبدالغفار مگسی نے گزشتہ روز کیچ کے قریب ہوشاب میں لیویز اہلکاروں کا ڈرائیور پر مبینہ تشدد کے واقع کا فوری نوٹس لیکر ڈپٹی کمشنر کیچ سے واقعے کی انکوائری رپورٹ طلب کرلی ، قبل ازیں ڈپٹی کمشنر کیچ نے ڈرائیور پر مبینہ تشدد میں ملوث سربازی لیویز چیک کے دو لیویز ملازمین دفعدار ارشاد احمد اور سپاہی محمد یونس کو معطل کردیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کو واقعے کی تحقیات کیلئے انکوائری آفیسر مقرر کرکے رپورٹ ایک ہفتے کے اندر پیش کرنیکی ہدایت کی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس عبدالغفار مگسی نے کہا کہ لیویز کے جوان شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیاور خدمات کی فراہمی کے دوران بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا استعمال کریں۔ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں عوام کے مسائل حل ھوں گے تو لیویز فورس کے وقار میں اضافہ ہوگا عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ھونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ لیویز ایک کنیونٹی فورس ہے جو اپنی سماج کا دفاع کرتا ہے۔فرائض میں غفلت اور کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی کرپشن میں ملوث اہلکاران کی فورس میں کوئی جگہ نہیں وہ خود کو فارغ سمجھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں