اورماڑہ کے ساحل پر نایاب ڈولفن کی آمد، لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی

اورماڑہ (یو این اے) اورماڑہ کے ساحل پر قدرت کا انمول تحفہ، نایاب رسو ڈولفن کی دلکش آمد منگل کی صبح اورماڑہ کے ساحل پر ایک حیرت انگیز منظر دیکھنے کو ملا، جب ایک نایاب رسو ڈولفن سمندر کی لہروں سے کھیلتے ہوئے ساحل کے بالکل قریب آ گئی۔ یہ دلکش منظر مقامی ماہی گیروں کے لیے خوشگوار حیرت کا باعث بنا۔ تین میٹر سے زائد لمبائی والی یہ خوبصورت مخلوق ساحل پر موجود لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ ماہی گیروں نے اس نادر موقع کو اپنے موبائل کیمروں میں محفوظ کر لیا۔ رسو ڈولفن بحیرہ عرب میں پائی جانے والی ایک نایاب نوع ہے اس کی بلنٹ سر، نمایاں ڈورسل فن اور مضبوط جسم اسے دیگر ڈولفنز سے ممتاز کرتے ہیں۔ مقامی ماہی گیروں نے اس نایاب مہمان کی آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے واپس سمندر میں چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ ان کی بروقت اور ہمدردانہ کوششوں سے رسو ڈولفن بخیر و عافیت اپنے قدرتی مسکن میں لوٹ گئی۔ رسو ڈولفن کی آمد اورماڑہ کے ساحل کی قدرتی خوبصورتی میں ایک اور دلکش اضافہ ہے۔ یہ واقعہ نہ صرف مقامی لوگوں کے لیے ایک یادگار لمحہ ہے بلکہ یہ سمندری حیات کے تحفظ کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ یہ واقعہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمارے سمندروں میں کتنی انمول اور نایاب مخلوقات موجود ہیں جن کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں