دالبندین میں ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے دکاندار زخمی، مظاہرین نے احتجاجاً شاہراہ کو بند کردیا

دالبندین (این این آئی) دالبندین میں نامعلوم ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے دکاندار خمی ہوگیا ،دکانداروں نے احتجاجاً ٹائر جلاکر روڈ کو ٹریفک کیلئے بندکردیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو دالبندین کے علاقے فیصل کالونی بائی پاس پر نامعلوم مسلح ڈاکوﺅں نے دکان میں داخل ہوکر ڈکیتی کی کوشش کی مزاحمت پرڈاکوﺅں نے فائرنگ کرکے دکاندار عزیز اللہ کو زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے زخمی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعہ کے بعد دکانداروں نے ٹائر جلاکر احتجاجاً روڈ کو ہر قسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیا جس کی وجہ سے سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لائنیں لگ گئیں۔ سابق صوبائی وزیر سخی میرامان اللہ نوتیزئی اور میرعارف جان محمد حسنی موقع پر پہنچ گئے۔ سابق صوبائی وزراءکا کہنا تھا کہ انتظامیہ عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے بھتہ گیری میں مصروف ہے، انہیں عوام کے جان و مال کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دالبندین اور گردونواح میں آئے روز چوری، ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے، نااہل انتظامیہ عوام اور تاجروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تاجر کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے والے ڈاکوﺅں کو فوری طور پر گرفتارکیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں