لیاری کراچی کی ماں ہے، ڈاکٹر اختر بلوچ
کراچیۛ لیاری ہمیشہ سے علم کا گڑھ رہا ہے اور علم دوستی کا ثبوت دے گا، علم زندگی ہے علم کے بغیر کچھ نہیں ہے کتاب انسان کو زندگی کا درس دیتی ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوںکو انبیاء کرام کے ذریعے کتابوں کی صورت میں انسانیت، زندگی اور آخرت کا درس دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار بے نظیر بھٹو شہید لیاری یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اختر بلوچ نے جشن آزادی کے موقع پر لیاری کے علاقے چاکیواڑہ بلوچ چوک پر ملک کی دوسری اسٹریٹ لائبریری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہاکہ آج 14 اگست کے مبارک دن پر ہم ایک نئی تاریخ کی بنیاد رکھ رہے ہیں کتاب انسان کے دوستوں میں سے ایک دوست ہے کیونکہ کتاب کے بغیر کچھ نہیں، آج ہم کتابوں کی وجہ سے اس اسٹیج پر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اللہ کے فضل سے اس وقت لیاری یونیورسٹی میں تین ہزار سے زائد بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ ہمارے سینکڑوں بچے لیاری میڈیکل کالج میں ڈاکٹر کی تعلیم حاصل کررہے ہیں،انہوں نے کہاکہ ہم آج لیاری میں سکون کا سانس لے رہے ہیں لیاری میں کچھ برس قبل زندہ رہنا مشکل تھا وہ کٹھن دور دیکھنے کے بعد بھی ہم زندہ ہیں کیونکہ لیاری کے لوگ بہت عقلمند ہیں انہوں نے جلد ہی تمام مصائب اور مشکلات پر قابو پالیا یہ جذبہ صرف لیاری میں ملتا ہے۔ اس موقع پر ڈی ایم سی جنوبی کراچی کے چیئرمین ملک فیاض اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چاکیواڑہ لیاری کی تاریخی حیثیت ہے اور آج ہم لیاری میں اسٹریٹ لائبریری کا افتتاح کرکے لیاری کی شان کو مزید بڑھا رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ ماضی میں دیکھیں تو لیاری کراچی سے پہلے موجود تھا یہ کراچی کی ماں ہے اس نے کراچی کو جنم دیا اور کراچی کو روشنی کا شہر بنا دیا لیاری آئندہ بھی کراچی شہر کی خدمت میں پیش پیش رہے گا، انہوں نے کہاکہ آئندہ چند دنوں میں واجہ صدیق چنگیان اسکول، فٹ بال کلب کی آسٹروٹرف ،علی بخش کمیونٹی ہال اور مختلف علاقوں میں پارکس کے افتتاح کریںگے۔ شوشل میڈیا پر لیاری اسٹریٹ لائبریری پر سخت تنقید کی گئی ہے لیکن اس کے باوجود ہم کراچی کے دیگر علاقوں میں اسٹریٹ لائبریریاں بنائیںگے، یوسی نمبر 12 لیاری کے چیئرمین حبیب حسن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لیاری کے عوام کا کمال ہے کہ لائبریری کو سڑک پر لے آئے ہیں، انہوں نے ڈی ایم سی جنوبی کے چیئرمین ملک فیاض اعوان کی تعریف کی کہ انہوں نے اپنے شعور سے ایک تاریخی کارنامہ انجام دیا ایک ایسی جگہ جہاں کچھ عرصہ پہلے نوجوان بیٹھ کر منشیات استعمال کرتے تھے لیکن آج اس جگہ کو ایک بہترین ماحول کا روپ دے کر اسٹریٹ لائبریری کا وجود عمل میں لایا گیا ہے، دراصل بات یہ ہے کے لیاری پڑھے لکھے لوگوں کی جگہ ہے یہاں علمی شعور بہت بلند ہے لہٰذا لیاری کے عوام کو یہاں اپنے بچوں کے ساتھ بہترین ماحول میں پڑھنے اور سیکھنے کے مواقع میسر ہوں گے۔ کیوں کہ لیاری علم دوستوں کا گہوارہ ہے لیاری شہر کے دیگر علاقوں کی طرح ترقی کے سفر کی جانب گامزن ہے، انہوں نے کہاکہ لیاری اسٹریٹ لائبریری کے لیے روہڑی کلب نے پانچ سو کتابیں تحفہ کے طورپر دی ہیں اس وقت اسٹریٹ لائبریری میں سینکڑوں مختلف زبانوں کی کتابیں موجود ہیں جس سے لیاری اور دیگر علاقے کے عوام استفادہ حاصل کریں گے۔ تقریب سے محمود ہاشم، رمضان بلوچ، آصف عظیم اور دیگر نے خطاب کیا۔ تقریب میں لیاری کی مختلف شخصیات نے شرکت کی جس میں خواتین، بزرگ اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر سلطان خلیل نے بتایا کہ ہمیں مزید محنت کرنی پڑے گی جبکہ یہاں بلوچ چوک پر کتابوں کے شیلف ایسے بنا دیے گئے ہیں کہ وہ موسمی اثرات سے بالکل محفوظ رہیں گے وہ لیاری کے غیور عوام کی خدمت کرتے رہیں گے ، انہوں نے بتایا کہ اسٹریٹ لائبریری کا افتتاح کمشنر کراچی کو کرنا تھا لیکن وہ انتہائی مصروفیت کی وجہ سے نہیں آسکے لیکن انہوں نے فون پر وعدہ کیاکہ وہ کسی وقت بھی لیاری میں حاضر ہوں گے۔


