بھارت کی جارحیت کا جواب، مسلح افواج نے متعدد بھارتی ڈرونز مار گرائے، آئی ایس پی آر
راولپنڈی (پ ر) فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ 7 اور 8 مئی کی درمیانی شب بھارت نے ایک مرتبہ پھر کھلی جارحیت کی ہے، پاکستان کی مسلح افواج نے 12 ہیروپ ڈرونز گرادیے، لاہور میں ڈرون حملے میں فوج کے 4 جوان زخمی جبکہ میانو میں ایک شہری شہید اور ایک زخمی ہوا۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ترجمان نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ بھارت نے گزشتہ رات ایک بار پھر کھلی جارحیت کرتے ہوئے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے، مختلف شہروں میں بھارت کی جانب سے بھیجے گئے 12 ہیروپ ڈرونز مار گرا دیے گئے ہیں۔ ترجمان فوج نے بتایا کہ لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، میانو، چھور اور کراچی کے قریب بھارتی ڈرون گرائے گئے ہیں جن کا ملبہ اب بھی جمع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کہ لاہور میں ایک ڈرون فوجی تنصیب کو نشانہ بنانے میں کامیاب ہوگیا جس کے نتیجے میں فوج کے 4 افراد زخمی ہوگئے جبکہ آلات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ ترجمان فوج نے کہا کہ میانو سندھ میں ڈرون کی سرگرمی کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور ایک زخمی ہوا ہے۔


