مصر : کرونا وائرس، مساجد میں تعزیتی مجالس اور نکاح کے اجتماعات پر پابندی

مصر میں وزارت اوقاف نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مساجد میں تعزیتی اور نکاح کی مجالس کے انعقاد پر تا حکم ثانی پابندی عاید کر دی ہے۔مصری وزیر اوقاف ڈاکٹر محمد مختار جمعہ نے تعزیتی مجالس کے سلسلے میں شامیانے اور خیمے لگانے کے بجائے صرف جنازے اور تدفین پر اکتفا کرنے پر زور دیا ہے۔ انھوں نے شادی کی تقریب کے سلسلے میں بھی ہدایت کی ہے کہ اس کو صرف دونوں گھرانوں تک محدود رکھاجائے کیونکہ انسانی جانوں کا تحفظ ان تمام رسوم و رواج پر مقدم ہے۔ موجودہ حالات میں ہر قسم کے غیر ضروری اجتماع سے گریز کیا جائے۔وزیر اوقاف نے کہا کہ ان کی وزارت اتوار سے اپنے زیر انتظام تمام پروگراموں کو معطل کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں انھوں نے بکنگ کرانے والے تمام افراد سے معذرت کی ہے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس ضمن میں کسی بھی شخص کی ادا کردہ رقم فوری طور پر واپس کر دی جائے۔وزارت اوقاف کے تمام کارکنان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مساجد میں تعزیت یا نکاح سے متعلق کسی بھی مجلس کے انعقاد کی اجازت ہر گز نہ دیں۔ وزیر اوقاف نے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی مفاد کی خاطر اس سلسلے میں وزارت اوقاف کے ساتھ تعاون کریں۔ انھوں نے واضح کیا کہ مسجد کے اندر نماز جنازہ کے اجتماع پر قطعا کوئی پابندی نہیں ہو گی۔اس سے قبل مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے یہ ہدایت جاری کی تھی کہ آج اتوار سے دو ہفتوں کے لیے ملک کے تمام اسکولوں اور جامعات میں تدریسی عمل معطل کر دیا جائے۔وزیر اعظم مصطفی مدبولی نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ صدر السیسی کے فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ کابینہ کے صدر دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ حالیہ ایام میں دیگر ممالک کے مقابلے میں مصر میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد نسبتاً کم رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں