محرم الحرام کا چاند نظر آگیا، پاکستان میں یوم عاشور اتوار 6 جولائی کو ہوگا
پاکستان میں محرم الحرام 1447ہجری کا چاند نظر آگیا، یکم محرم کل 27 جون کو ہوگا جبکہ یوم عاشور 6 جولائی بروز اتوار ہوگا۔محرم الحرام کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کوئٹہ میں کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں زونل رویت ہلال کمیٹی کے ممبران، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے نمائندے اور محکمہ موسمیات کے نمائندوں سمیت مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام بھی موجود تھے۔اس کے علاوہ زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکوارٹرز میں ہوئے۔اجلاس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے محرم الحرام کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق کل بروز جمعہ 27 جون کو ہجری سال کا پہلا دن یعنی یکم محرم الحرام ہوگا جبکہ 9 محرم الحرام 5 جولائی بروز ہفتہ اور یوم عاشور 10 محرم 6 جولائی بروز اتوار کو ہوگا۔یاد رہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں مطلع گرد آلود ہے، چاند نظر آنے کی امکانات کم ہیں، چاند نظر آنے کا دورانیہ 8 بج کر 10 منٹ سے لے کر 9 بجے تک ہے، چاند کی عمر 28 گھنٹے 38 منٹ ہے۔


