شہباز شریف کا دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کیلئے ’آرمی راکٹ فورس کمانڈ‘ کے قیام کا اعلان
ویب ڈیسک : وزیر اعظم شہباز شریف نے ملکی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ’ آرمی راکٹ فورس کمانڈ’ کے قیام کا اعلان کیا ہے۔سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد نے بھارت کے ساتھ حالیہ فوجی تنازعے کے بعد اپنی فوجی صلاحیتوں میں اضافہ شروع کردیا ہے اور اسی کے پیش نظر مالی سال 2025-2026 کے لیے دفاعی بجٹ میں 20 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔وزیر اعظم نے بدھ کی رات اسلام آباد کے جناح اسپورٹس اسٹیڈیم میں پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی اور ’ معرکۂ حق’ کی تقریبات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ اس موقع پر آج میں آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے قیام کا اعلان کرتا ہوں۔’’ معرکۂ حق’ وہ اصطلاح ہے جو ریاست نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازعے کے لیے استعمال کی ہے، جب 22 اپریل کے پہلگام حملے کے بعد بھارت کی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے کارروائی کی تھی اور اس کے بعد 10 مئی کو جنگ بندی طے پائی تھی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ’ جدید ٹیکنالوجی سے لیس اور ہر سمت سے دشمن کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والی یہ فورس ہماری روایتی جنگی صلاحیت کو مزید مضبوط کرنے میں ایک اور سنگ میل ثابت ہوگی۔’پاکستان کے پاس جدید میزائل صلاحیت موجود ہے، جن میں سے کچھ مئی میں جے-10 سی ویگرس ڈریگن اور جے ایف-17 تھنڈر لڑاکا طیاروں میں نصب کیے گئے تھے۔سابق جنرل اور دفاعی تجزیہ کار طلعت مسعود نے اے ایف پی کو بتایا کہ’ بھارت سے جنگ کے بعد مقصد ظاہر ہے کہ پاکستان کی فوجی صلاحیت کو مزید مضبوط کیا جائے اور یہ اسی عمل کا ایک حصہ ہے۔’


