پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام کے درمیان انتہائی برادرانہ جذبات پائے جاتے ہیں، اسحق ڈار
نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تاریخی، ثقافت پر مبنی برادرانہ تعلقات ہیں، کئی برسوں کے بعد دورہ بنگلہ دیش انتہائی خوشی کا باعث ہے، دونوں ملکوں کے اقوام کی مذہبی اور سماجی روایات مشترکہ ہیں۔نائب وزیر اعظم اسحٰق ڈار کے اعزاز میں پاکستان ہائی کمیشن ڈھاکا نے استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا، جس سے خطاب کرتے ہوئے اسحٰق ڈار نے کہا دورے کی دعوت، شاندار استقبال اور میزبانی پر بنگلہ دیشی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام کے درمیان انتہائی برادرانہ جذبات پائے جاتے ہیں، بنگلہ دیش میں تمام شراکت داروں کے ساتھ روابط کے خواہاں ہیں، دونوں ملکوں کے عوام خطے میں امن،استحکام اور خوشحالی چاہتے ہیں۔اسحٰق ڈار نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، سلامتی کے خطرات سمیت مختلف چیلنجز درپیش ہیں، ان مسائل سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، دونوں ملکوں کے تعلقات کو گزشتہ ایک برس میں فروغ ملا ہے۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت اورتعلیم کے شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔قبل ازیں، نائب وزیرِاعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار ہفتے کے روز 2 روزہ سرکاری دورے پر ڈھاکا روانہ ہوئے تھے، یہ کسی پاکستانی وزیرِ خارجہ کی جانب سے بنگلہ دیش کا 13 برسوں بعد پہلا سرکاری دورہ ہے۔گزشتہ برس اگست میں عوامی تحریک کے نتیجے میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے اسلام آباد اور ڈھاکا کے تعلقات میں بہتری آئی ہے، اور تجارت و دو طرفہ تعلقات میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔دفتر خارجہ نے کہا کہ اسحٰق ڈار آج بنگلہ دیش کے تاریخی دورے پر راولپنڈی کے نور خان ایئربیس سے ڈھاکا کے لیے روانہ ہوئے، ڈھاکا میں وہ بنگلہ دیشی رہنماو¿ں سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔


