سوشل میڈیا پر جعلی آن لائن پیسے کمانے والی اپلیکیشنز سادہ لوح افراد کو لوٹنے لگیں

اوتھل (این این آئی) ملک بھر میں سوشل میڈیا پر ایک نیا فراڈ سر اٹھا رہا ہے، جہاں جعلی آن لائن پیسے کمانے والی ایپلیکیشنز کی بھرمار نے عام لوگوں کو جال میں پھنسا دیا ہے۔ خاص طور پر "سی ایف ایل” نامی ایک ایپ کے ذریعے لاکھوں لوگوں کو دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ یہ ایپ ابتدائی چند دنوں میں لوگوں کو پیسے دے کر ان کا اعتماد جیتتی ہے، لیکن بعد میں اچانک تمام سسٹمز بند کر دیتی ہے اور نئے ممبرز لانے والوں کو لاکھوں روپے دینے کے بہانے عوام کو لوٹتی ہے۔ اس فراڈ میں ہزاروں افراد نے اپنی جمع پونجی لگا کر اپنا نقصان کیا ہے۔مزید تشویش ناک بات یہ ہے کہ کچھ گروپ فلاحی کاموں کی تصاویر شیئر کر کے اپنا بھرم قائم رکھتے ہیں، مگر حقیقت میں یہ ایپس غریب اور ضرورت مند افراد کے پیسے ہتھیانے کا ذریعہ بن چکی ہیں۔ لسبیلہ کے متاثرین نے حکومت پاکستان سے سختی سے اپیل کی ہے کہ سی ایف ایل سمیت تمام جعلی آن لائن ایپلیکیشنز کو فوری بند کیا جائے تاکہ لوگ مزید متاثر نہ ہوں۔ عوام سے بھی زور دیا گیا ہے کہ وہ ایسی ایپلیکیشنز میں شامل نہ ہوں اور اس قسم کے فراڈ سے ہوشیار رہیں۔اس سے پہلے بھی "آئی ٹی اے” نامی ایک ایپ نے لوگوں کو روزانہ ڈبل منافع دینے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے ہڑپ کیے تھے۔ ہر چند دن بعد جب لوگ نئے ممبرز لاتے، پرانے ارکان کی اکاو¿نٹس بند کر دی جاتیں، جس سے عام صارفین مکمل طور پر نقصان میں رہ جاتے ہیں۔ حکومت اور متعلقہ حکام کو چاہیے کہ وہ ان جعلی پلیٹ فارمز پر فوری کارروائی کریں تاکہ ملک کے معصوم لوگ محفوظ رہ سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں