لاہور، TLPکا مارچ شروع، کارکنوں کی پولیس کیساتھ جھڑپیں،محسن نقوی کا فیض آباد کا دورہ

تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے لاہور سے اپنے احتجاجی مارچ کا آغاز کر دیا، جس کا مقصد اسلام آباد پہنچ کر امریکی سفارتخانے کے باہر اسرائیل مخالف مظاہرہ کرنا ہے۔ڈان ڈاٹ کام کے مطابق جمعہ کی شام مظاہرین مارچ کو اگے بڑھانے کے لیے لاہور میں چوبرجی چوک پر رکاوٹیں ہٹانےکی کوشش کر رہے تھے، ترجمان ایدھی یونس بھٹی کے مطابق، ٹی ایل پی مظاہرین کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں رضاکاروں نے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا۔

مارچ سے قبل امریکی سفارتخانے نے (بغیر نام لیے) ایک بیان میں خبردار کیا کہ 10 اکتوبر کو پاکستان بھر میں احتجاجی سرگرمیاں ہو سکتی ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ یہ احتجاج سڑکوں کی بندش اور ٹریفک میں رکاوٹ کا باعث بن سکتے ہیں، امریکی شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ بڑے اجتماعات سے گریز کریں اور اپنے اردگرد کے حالات سے باخبر رہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے فیض آباد کا دورہ کیا اور مختلف علاقوں میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیڈرل کانسٹیبلری اور اسلام آباد پولیس کے جوانوں سے فردا فردا مصافحہ کیا اور ان کے جذبے کو سراہا جبکہ جوانوں سےکھانے پینے کی فراہمی کے بارے میں بھی دریافت کیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے آئی جی اسلام آباد پولیس کو ہدایت کی کہ ڈیوٹی پر موجود جوانوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے۔محسن نقوی نے کہا کہ آپ سب پاکستان کے سپاہی ہیں، قانون کی عملداری یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں