بینظیر بھٹو اسکالر شپ پروگرام کے تحت صوبے کے طلبہ کو پرائمری سے اعلیٰ تعلیم تک اسکالر شپس دیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماءاور سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ سے ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پیپلزپارٹی اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر فلاح عامہ کے کاموں میں سرگرم عمل ہے اور بلوچستان کے نوجوانوں اور ریاست کے درمیان فاصلے کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرٹوکریسی کو فروغ دے کر گڈ گورننس کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام کو صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا تعلیمی پروگرام قرار دیتے ہوئے بتایا کہ پرائمری سے اعلیٰ تعلیم تک طلباءکو اسکالرشپ فراہم کی جائے گی اور بلوچستان کے طلباءکے لیے دنیا کی 200 معیاری جامعات کے دروازے کھول دیے گئے ہیں۔ سویلین شہدائ، اقلیتوں اور ٹرانس جینڈرز کے لیے بھی خصوصی اسکالرشپ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں سے ڈائیلا لاگ کے ذریعے ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ بلا سود قرضہ پروگرام ایک انقلابی قدم ہے جس پر جلد عمل درآمد ہوگا۔ چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ اور باعزت روزگار پروگرام نوجوانوں کے لیے روشن مستقبل کا ذریعہ ہیں۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی بلوچستان کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی اور وفاق کی علامت کے طور پر قومی ہم آہنگی اور عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ترقیاتی وژن کی مکمل حمایت کا بھی اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں