ولید کو سازش کے تحت شہید کیا گیا، واقعے کی تحقیقات سے آگاہ نہیں کیا جارہا، جلد لائحہ عمل طے کریں گے، رحمت صالح بلوچ

پنجگور (نامہ نگار) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماءو رکن صوبائی اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ ظالموں نے میرے بے گناہ چھوٹے بھائی ولید صالح بلوچ کو شہید کیا جن کا کوئی قصور نہیں تھا شہید ولید کا سیاست میں کردار تھا نہ کسی سے لین دین کا کوئی تنازعہ، اس کے باوجود ان کو ایک سازش کے تحت شہید کرکے ظلم کیا گیا انہوں نے کہاکہ اس سے بڑا ظلم کیا ہوسکتا ہے کہ ہمارے گھر میں شہید کی شادی کی تقریبات شروع ہوچکی تھیں اور شہادت کے 10 روز بعد ان کی شادی ہورہی تھی ،انہوں نے کہا ہم پرامن سیاسی لوگ ہیں اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں ہمارا کسی سے سیاسی یا نظریاتی اختلاف ہوسکتا ہے، دشمنی نہیں،ہمارے گھرانے نے آج تک کسی کا برا نہیں سوچا ،انہوں نے کہا کہ ہزاروں لوگوں کے جم غفیر کا احتجاج کے طور شہید کے جنازے میں شرکت کے بعد قاتل حواس باختہ اور خوفزدہ ہوچکے ہیں اس لیے ڈر کی وجہ سے سامنے آنے اور ذمہ داری قبول کرنے سے ڈر رہے ہیں۔ انہوں نے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ باقاعدہ منصوبہ کے تحت شہید ولید کو گھر کے قریب 2 موٹر سائیکلوں پرسوار 4 افراد نے نشانہ بنایا پہلے ایک موٹر سائیکل پر سوار 2 ظالموں نے فائرنگ کی اور پھر باقی دو موٹر سائیکل سوار افراد نے فائرنگ کی، شہادت کا یقین ہونے کے بعد وہ باآسانی فرار ہوگئے انہوں نے کہا کہ واقعہ سے ہمارے ذہنوں میں سوالات اور خدشات جنم لے رہے ہیں اگر قاتلوں میں جرات ہے تو سامنے آئیں پیٹھ پیچھے وار کرنا بزدلوں کی نشانی ہے۔ انہوں نے سیکورٹی اداروں کی غفلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب تک واقعہ کی تحقیقات اورحقائق سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے گورنر، وزیراعلیٰ، چیف جسٹس بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ ظالم قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے اصل حقائق سامنے لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس شہادت کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور قاتلوں کو بے نقاب کرنے کےلئے آخری حد تک جائیں گے۔ انہوں نے کہا ہم فاتحہ خوانی کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں