خطے کے تاجروں کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ اور شراکت داری منصوبوں میں تعاون کریں گے، جنرل منیجر آر ڈی ایم سی
چاغی (انتخاب نیوز) ریکوڈک مائننگ کمپنی آر ڈی ایم سی اور نوکنڈی ٹریڈرز ایسوسی ایشن مقامی کاروباری صلاحیت کو مضبوط بنانے، شراکتی مواقع پیدا کرنے اور خطے کے تاجروں کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ کرنے کے لیے باہمی تعاون کریں گے۔ اجلاس نوکنڈی میں منعقد ہوا، جس میں ریکوڈک منصوبے کے جنرل منیجر رائن مچل، سینئر پروکیورمنٹ حکام اور نوکنڈی ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں گفتگو کا محور آر ڈی ایم سی کے طویل المدتی کان کنی سے منسلک منصوبوں میں مقامی کاروباری اداروں کی شمولیت کے فروغ پر رہا۔ اجلاس کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آر ڈی ایم سی مقامی تاجروں کے لیے تربیتی پروگرام منعقد کرے گی، جن میں بین الاقوامی کاروباری معیارات، مالیاتی نظم و نسق، سپلائی چین کے طریقہ کار اور سیفٹی معیار جیسے موضوعات شامل ہوں گے۔ ان اقدامات کا مقصد مقامی کاروباری افراد کو وہ مہارتیں فراہم کرنا ہے جو انہیں ریکوڈک جیسے بڑے منصوبوں میں مو¿ثر اور مسابقتی شمولیت کے قابل بنائیں گی۔ رائن مچل نے کہا، ریکوڈک میں ہمارا یقین ہے کہ پائیدار ترقی کا آغاز مقامی افراد کو بااختیار بنانے سے ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوکنڈی کے تاجروں اور سپلائرز کو تربیت اور مواقع فراہم کر کے ہم خطے کی مجموعی ترقی اور طویل المدتی معاشی استحکام کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔ نوکنڈی ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے آر ڈی ایم سی کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا تعاون مقامی کاروباری صلاحیت میں اضافہ کرے گا، مسابقتی معیار کو بہتر بنائے گا اور چاغی بھر میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ آر ڈی ایم سی مقامی کاروباروں کو اپنی سپلائی چین میں شامل کرنے اور یہ یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ خطے کے اسٹیک ہولڈرز ریکوڈک منصوبے سے براہ راست فائدہ اٹھائیں۔ آر ڈی ایم سی کے سپلائی چین منیجر جوان اینسلن نے کہا کہ ہمارا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ چاغی کے عوام ریکوڈک منصوبے میں فعال شراکت دار ہو اور اس سے حقیقی طور پر مستفید ہوں۔ مقامی تاجروں کے ساتھ مضبوط شراکت داری اس مشترکہ وژن کے حصول کی کلید ہے۔


