مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم، تمام وزرا اور حکومتی ارکان پارلیمنٹ کو اسلام آباد نہ چھوڑنے کا حکم، غیر ملکی دورے منسوخ
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے مجوزہ آئینی ترمیم کے تناظر میں اہم فیصلہ کرتے ہوئے تمام وزراءاور حکومتی ارکان پارلیمنٹ کے غیرملکی دورے منسوخ کر دیے ہیں۔ ہدایت میں تمام وزراءاور ارکانِ پارلیمنٹ کو اسلام آباد میں موجود رہنے کا کہا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم پر پارلیمانی مشاورت کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے کابینہ ارکان کو ملک میں موجود رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے تمام وفاقی وزرا ، وزرائے مملکت اور ارکان پارلیمنٹ کے غیرملکی دورے فوری طور پر منسوخ کر دیے ہیں۔ وزیراعظم کی جانب سے واضح ہدایت دی گئی ہے کہ تمام اراکین اسلام آباد میں موجود رہیں تاکہ آئینی ترمیم کے سلسلے میں پارلیمانی کارروائی میں بھرپور شرکت یقینی بنائی جا سکے۔ ذرائع کے مطابق یہ پابندی صرف آئینی ترمیم کی منظوری کے مرحلے تک برقرار رہے گی۔ تاہم کسی انتہائی ناگزیر صورتِ حال یا قومی مفاد کے تحت مجوزہ دورہ صرف وزیراعظم کی تحریری اجازت سے کیا جا سکے گا۔آٹھ نومبر کو وزیراعظم ہاو¿س میں عشائیہ ہوگا جس میں اے این پی بھی شرکت کرے گی۔ اتحادیوں پر مشتمل کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں، مسودہ وسط نومبر تک منظور کرایا جائے گا۔ مجوزہ ستائیس ویں آئینی ترمیم جمعہ کو سینیٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔


