میڈیا بحران کے ذمہ دار مالکان خود ہیں، ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے برطرف ملازمین کو ملازمتیں دیں گے، عطا تارڑ
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے برطرف کئے گئے 37ورکرزکو بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہا ہے کہ وزیر اطلاعات کا چارج سنبھالتے ہی صحافیوں، میڈیا ورکرز کے مسائل کے حل کی کوشش کی‘اے پی این ایس اور پی بی اے کے ساتھ بات ہوئی‘صحافیوں کے خلاف کارروائیوں کا آغاز سابق حکومت کے دور میں ہوا۔میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ اس وقت کے وزیر اطلاعات نے فون پہ ہاتھ مار کے کہا اب کوئی اخبار یا ٹی وی نہیں، یہ فون میڈیا ہے۔اگر اخبارات نہ ہوتے تو چینل کیسے ہوتے؟انہوں نے کہا کہ ہم نے سابقہ حکومت کے واجبات میڈیا اداروں کو دئیے اور اس شرط پہ کہ میڈیا ورکرز کو اس کا فائدہ ملے۔میڈیا بحران کے ذمہ دار خود مالکان ہیں۔ایک چینل کے اشتہارات کے ریٹ بڑھائے مگر اس نے بھی ملازم نکال دئیے۔انہوں نے کہا کہ آج ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے 37ورکرز کو نکالا گیا، ان تمام افراد کو ملازمت دینے کا اعلان کرتا ہوں۔پی بی اے سے آئندہ ہفتے میٹنگ ہے، اس میں اے پی این ایس کو بھی بلائیں گے۔عطائ اللہ تارڑ نے کہا کہ جب ہم اپوزیشن میں تھے صحافیوں نے ہماری آواز پہنچائی تو آج ہم یہاں ہیں‘ذمہ داری سے کہہ رہا ہوں اس وقت میڈیا انڈسٹری میں کوئی مالی بحران نہیں ہے۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ پی بی اے اور اے پی این ایس سے بات کریں گے۔


